واپڈا بیڈمنٹن رینکنگ چمپئن شپ: اویس زاہد نے مینز سنگل، فرزانہ علی نے ویمنز سنگل ٹائٹل جیت لیا،واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر یوسف نسیم کھوکھر اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے ، جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

جمعرات 1 مئی 2014 07:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1مئی۔2014ء) اویس زاہد نے واپڈا بیڈمنٹن رینکنگ چمپئن شپ میں مینز سنگل ٹائٹل جیت لیا ۔ اُنہوں نے فائنل میں عمر ذیشان کو شکست دی۔ فرزانہ علی نے فائنل میں صائمہ وقاص کو ہرا کرویمنز سنگل ٹائٹل اپنے نام کیا۔شبرحسین او رعدنان پر مشتمل جوڑی نے مینز ڈبل کے فائنل میں طاہر اسحاق اور وقاص احمد کی جوڑی کو ہراکرٹائٹل جیت لیا، جبکہ صائمہ اور فرزانہ علی نے فائنل میں صغریٰ اور سدرہ کی جوڑی کو شکست سے دوچار کرتے ہوئے ویمنز ڈبل ٹائٹل کا میدان مار لیا۔

واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں کھیلی گئی چارروزہ واپڈا بیڈمنٹن رینکنگ چمپئن شپ کا انعقاد واپڈا سپورٹس بورڈ نے کیا تھا۔ منیجنگ ڈائریکٹر (ایڈمنسٹریشن) واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے صدر یوسف نسیم کھوکھر اختتامی تقریب میں مہمانِ خصوصی تھے، جنہوں نے چمپئن شپ میں پوزیشن حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر(سپورٹس) واپڈا محمد ظفر، ڈائریکٹر جنرل واپڈا سپورٹس بورڈمیاں رفعت محمود اور منیجنگ ڈائریکٹر نندی پور پاورپراجیکٹ اور واپڈا بیڈمنٹن کے منیجر محمد محمود بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اختتامی تقریب سے خطاب میں صدر واپڈا سپورٹس بورڈ یوسف نسیم کھوکھر نے کہا کہ واپڈا ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے گرانقدر خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے معیار کو بہتر بنانے کیلئے واپڈا نے قلیل، وسط اور طویل مدتی حکمتِ عملی ترتیب دی ہے تاکہ واپڈا کے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کیلئے کامیابیاں حاصل کرسکیں۔

واپڈا کی جانب سے کھلاڑیوں کی سرپرستی اور حوصلہ افزائی کی غرض سے کئے گئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ واپڈا نے حال ہی میں 118 مزید کھلاڑیوں اور کوچز کی ملازمت کو مستقل کر دیا ہے ، جن میں سے 15 کا تعلق بیڈمنٹن سے ہے۔ اُنہوں نے چمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر واپڈا سپورٹس بورڈ کو مبارکباد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :