عمران خان کا موسم گرما کی آمد اور آب و ہوا میں بڑھتی ہوئی حدت کے دوران بجلی کی بندش کا نوٹس، شدید رد عمل کا اظہار، بجلی کی حالیہ بندش کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو نشانہ بنانا ہے ، حکمرانوں کی نااہلی اور بدعنوانی کا خمیازہ بے چارے غریب مزدوروں کسانوں اور محنت کش طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے اہل خانہ کو بھگتنے پر مجبور کیا جا رہا ہے،بیان

جمعہ 2 مئی 2014 06:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے موسم گرما کی آمد اور آب و ہوا میں بڑھتی ہوئی حدت کے دوران بجلی کی بندش کا نوٹس لیا ہے اور شدید رد عمل کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بجلی کی حالیہ بندش کا مقصد غریب اور متوسط طبقے کو نشانہ بنانا ہے کیونکہ امراء اوراشرافیہ نے ملک بھر میں اپنی راحت کیلئے بجلی کے متبادل ذرائع یعنی جنریٹرز وغیرہ کا انتظام کر رکھا ہے جبکہ حکمرانوں کی نااہلی اور بدعنوانی کا خمیازہ بے چارے غریب مزدوروں کسانوں اور محنت کش طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد کے اہل خانہ کو بھگتنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔

اسلام آباد سے جاری بیان میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہروں اور دیہات میں بجلی کی بڑھتی ہوئی بندش کو نظر انداز کرنا ممکن نہیں کیونکہ شہروں میں عوام 12گھنٹے بجلی سے محروم ہیں جبکہ دیہات میں بسنے والے لوگوں کو اٹھارہ گھنٹے بجلی میسر نہیں۔

(جاری ہے)

وفاقی حکومت کو بجلی کی قلت کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت بجلی کے کارخانوں (IPPs)کو نوٹ چھاپ کر اور ادھار لے کر فراہم کیے گئے 500ارب روپوں کے باوجود عوام کو شدید گرم موسم میں بجلی کے طویل ترین تعطل کا شکار کرنے کا جواز فراہم کرے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لوڈ شیڈنگ سے نجات کے نام پر بجلی کے نرخوں میں اضافے کے باوجود بجلی کی بندش کی وضاحت کرے۔ ملک بھر میں دیگر صوبوں کی بجائے محض خیبرپختونخواہ کو فراہم کی جانے والی بجلی کے نرخوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف نے حکومت سے چوری شدہ بجلی اور لائین لاسز کم نہ کرنے پر حکومت سے جواب طلب کیا اور کہا کہ تمام تر دعوں کے باوجود حکومت ضائع ہونے والی بجلی کی مقدار میں کمی لانے میں کیوں بری طرح ناکام ہے اور پیپلز پارٹی کی طرح موجودہ دورِ حکومت میں بھی بجلی کا ضیاع اور چوری جاری ہے۔

پیپلز پارٹی کی حکومت کی طرح موجودہ حکومت کی جانب سے بجلی کی مد میں بلوں کی قابل ادائیگی رقوم کی عدم وصولی پر بھی چیئرمین تحریک انصاف نے حکومت سے وضاحت طلب کی ۔ اپنے بیان میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے زور دے کر کہا کہ شدید گرم موسم سے متاثرہ غریب اور متوسط طبقے کے علاوہ ملکی صنعتیں اور زرعی شعبہ بھی بجلی بحران سے بری طرح متاثر ہوں گی اور ملکی معاشی ڈھانچے کو ناقابل تلافی نقصان کا اندیشہ ہے۔ ان کے مطابق حکمران طبقہ جو اپنی پوری دولت اور اپنی صنعتیں ملک سے باہر منتقل کر چکا ہے اگرچہ اس فکر سے مکمل طور پر آزاد نظر آتا ہے تاہم ملک کے زرعی اور صنعتی ڈھانچے کی مکمل تباہی ناقابل قبول ہے اور حکمرانوں کو اس کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

متعلقہ عنوان :