ترکی میں عالمی یومِ مزدور کے موقع پر جلوس نکالنے والے افراد کو منتشر کرنے کیلئے پولیس کا آنسوگیس کا استعمال ، مظاہروں کو روکنے کیلئے 40 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ،ترک ذرائع ابلاغ

جمعہ 2 مئی 2014 06:11

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء)ترکی کے شہر استنبول میں پولیس نے عالمی یومِ مزدور کے موقع پر جلوس نکالنے والے افراد کو منتشر کرنے کے لیے آنسوگیس اور پانی کی تیز بوچھاڑ کا استعمال کیا ہے،یہ افراد جمعرات کو شہر کے تقسیم چوک میں جمع ہوئے تھے جو حکومت مخالف مظاہروں کا مرکز رہا ہے۔ترکی میں حکومت نے مظاہروں اور جلسے جلوسوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے ۔

امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق مزدوروں کے عالمی دن کے موقعے پر ہزاروں افراد استنبول میں مختلف مقامات پر جمع ہوئے۔جمعرات کو اس علاقے میں جلوس نکالنے کی کوشش کرنے والے افراد نے پولیس پر پتھراوٴ کیا اور پٹاخے پھینکے جبکہ پولیس نے انھیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور پانی کی تیز دھار کا استعمال کیا۔

(جاری ہے)

ترک ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مظاہروں کو روکنے کے لیے 40 ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ۔

۔وزیراعظم رجب طیب اردوغان نے پہلے ہی عوام کو خبردار کیا تھا کہ وہ تقسیم سکوائر میں جمع ہونے کی امید چھوڑ دیں۔تاہم ملک کی تاجر یونینوں نے بدھ کو ایک مشترکہ بیان میں کہا تھا کہ ہم غیرقانونی پابندی کے باوجود تقسیم چوک میں جمع ہوں گے۔ یومِ مئی پر سب راستے اسی جانب ہی جائیں گے۔رجب طیب اردوغان اگست میں ملک کے صدر کا انتخاب لڑنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور یہ پہلا موقع ہوگا کہ ترک عوام براہِ راست ریاست کے سربراہ کا انتخاب کریں گے۔

متعلقہ عنوان :