خیبرپختونخوا کی صنعتی اور معاشی زبوں حالی کا ذمہ داروفاق ہے، پرویز خٹک کا الزام،صوبے کو تیل و گیس کی اضافی پیداوار کے استعمال اور پن بجلی کے بقایا جات سمیت اس کے جائز حقوق کی جلد ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو یہاں کی بیروزگاری اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہو گا جو ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے،یہاں کی صنعتی بستیوں کو دوبارہ آباد کرنا اور روزگار کے مواقع بڑھانا چاہتے ہیں ہمارے لئے مزدور اور محنت کش سب کچھ ہیں ہم اُنہیں بیروزگار کرنے کی بجائے اُنکی معاشی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں، وفاقی حکومت بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کر،، وزیر اعلیٰ کے پی کے کاامان گڑھ میں یوم مئی کی تقریب سے خطاب

جمعہ 2 مئی 2014 06:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2مئی۔ 2014ء) خیبر پختونخواکے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے وفاق کو خیبرپختونخوا کی صنعتی اور معاشی زبوں حالی کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ صوبے کو تیل و گیس کی اضافی پیداوار کے استعمال اور پن بجلی کے بقایا جات سمیت اس کے جائز حقوق کی جلد ادائیگی یقینی نہ بنائی گئی تو یہاں کی بیروزگاری اور محرومیوں میں مزید اضافہ ہو گا جو ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے ہم یہاں کی صنعتی بستیوں کو دوبارہ آباد کرنا اور روزگار کے مواقع بڑھانا چاہتے ہیں ہمارے لئے مزدور اور محنت کش سب کچھ ہیں ہم اُنہیں بیروزگار کرنے کی بجائے اُنکی معاشی حالت بہتر بنانا چاہتے ہیں اور وفاقی حکومت بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرکے ہمارے غریب عوام اور محنت کشوں کی آہ سے بچیں وہ امان گڑھ میں ورکر ویلفیئر بورڈ فوکس گرائمر سکول گراؤنڈ پر متحدہ لیبر فیڈریشن کے زیر اہتمام یوم مئی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے تقریب سے صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں جمشید الدین کا کا خیل، رکن قومی اسمبلی عمران خٹک،متحدہ لیبر فیڈریشن کے صوبائی صدر محمد اقبال، مزدور رہنماؤں گل رحمان ، لیاقت باچا، اجملی خان اور ولی محمد خان نے بھی خطاب کیا مقررین نے کرپشن کے خاتمے اورمحکموں کی بہتری صوبے میں امن اور صنعتوں کے احیاء کیلئے اقدمات کو سراہااور اس پر وزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا پرویز خٹک نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام گزشتہ کئی عشروں سے افغان خانہ جنگی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت ملک وقوم کی بقاء و سا لمیت کیلئے قربانیاں دیتے آرہے ہیں اوریہاں کے عوام وفاق کی خارجہ وداخلہ تمام پالیسیوں سے براہ راست متاثر ہوئے صنعتی بستیاں قبرستانوں میں بدل گئیں مگر ہمیں قربانیوں کا صلہ حقوق دینے کی بجائے اُلٹا ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی ہمارے ترقی کے راستے مسدود کئے گئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں اُنہوں نے بحیثیت وزیر صنعت گدون صنعتی بستی کیلئے بجلی سبسڈی سمیت کچھ مراعات مہیا کیں تو صنعتوں کا قیام اور پیداوار شروع ہوتے ہی اگلی حکومت کو صوبے کی ترقی اچھی نہ لگی اور تمام مراعات واپس لے لیں اُس وقت سے آج تک ہمیں دہشت گردی کیخلاف فرنٹ لائن صوبہ بنایا گیا اور قومی سلامتی کیلئے ہم نے جان و مال کی قربانیوں کاسامنا کیا تاہم ہمیں کچھ دینے کی بجائے کئی حقوق سے محروم کیا گیا اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ مرکز اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے گا تاکہ قومی یکجہتی کی فضاء برقرار رہے.

پرویز خٹک نے یقین دلایا کہ مزدوروں کے پنشن، اموات اور جہیز گرانٹ کے تمام کیس ترجیحی بنیادوں پر نمٹائے جائیں گے اوراس مقصد کیلئے ورکر ویلفیئر بورڈ کے علاوہ وفاقی حکومت سے بھی فوری ایکشن کیلئے رجوع کیا ہے اُنہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ورکر ویلفیئر بورڈ اور فوکس گرائمر سکولوں میں مزدوروں اور اُن کے اہل خاندان کی بجائے غیر متعلقہ لوگوں کا عمل دخل بڑھایا گیا اور اعلان کیا کہ آئندہ ان سکولوں میں صرف مزدور کے بچوں کو داخلے دینے میں فوقیت ملے گی جبکہ ورکر بورڈ اور لیبر کالونیوں سے تمام غیر متعلقہ لوگوں کو نکال باہر کیا جائے گا اسی طرح بیمار صنعتی یونٹوں کی بحالی کیلئے متعلقہ کار خانہ داروں، مزدور نمائندوں اور اعلیٰ حکام کی مشترکہ کمیٹیاں قائم کرکے یہ مسائل بھی خو ش اسلوبی سے حل کئے جائیں گے اُنہوں نے کہا کہ ماضی میں صنعتوں پر توجہ دینے کی بجائے کرپشن کا بازار گرم رہا تاہم اب صنعتی ترقی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں اہم شہروں کے قریب سات نئی صنعتی بستیوں کا قیام اور اُنہیں سستی بجلی اور گیس کی فراہمی شامل ہیں اُنہوں نے کہا کہ مرکز نے ہمیں سو ایم سی سی ایس اضافی گیس کا وعدہ تو کیا ہے مگر یہ حق دینے میں تاخیر کے سبب وہ خود اسلام آبا د جاکر اور یہ حق لیکر واپس آئیں گے تاکہ ہماری صنعتیں بھی ترقی کرسکیں اور ہمارے محنت کشوں کو اچھے دن دیکھنا نصیب ہوں وزیر اعلیٰ نے بعض کارخانوں اور تجارتی مراکز میں صوبائی حکومت کے اعلان کردہ دس ہزار روپے ماہوار سے کم اُجرت مزدوروں کو دینے کی شکایت کا سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام اور آجروں کو خبردار کیا کہ محنت کشوں کو پوری اُجرت دی جائے ورنہ سخت ترین ایکشن ہو گا.

اُنہوں نے کہا کہ اس مقصد کیلئے کمپلینٹ سیل میں موصولہ کسی بھی شکایت کا فوری ایکشن لیا جائے گااُنہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت تبدیلی کے ایجنڈے کو ہر صورت پایہ تکمیل تک پہنچائے گی اور اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا پولیس بہتری کی منزل پر ہے اور تعلیمی و طبی ادارے کام کرنے لگے ہیں ان میں عملہ اور سہولیات کی موجودگی یقینی بنائی جارہی ہے جبکہ رہی سہی خامیاں اورکمی ہنگامی بنیادوں دور کی جارہی ہیں اسی طرح پٹوار کلچر بھی تبدیل کیا جارہاہے اور ان تمام اقدامات کا مقصد عوام بالخصوص غریب لوگوں کو بھی شفاف ماحول کی فراہمی اور قانون، انصاف اور میرٹ کی بالادستی یقینی بنانا ہے اُنہوں نے کہا کہ تعمیر سکول پروگرام کے ذریعے پاکستانی قوم کو سکولوں کی حالت بہتر بنانے اورپھول بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہتر سہولیات مہیا کرنے میں عملی طور پر شریک کیا جارہا ہے جبکہ وہ اگلے مہینے پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے ہمراہ اس مقصد کیلئے سمند ر پار پاکستانیوں کے پاس جا کر بھی اپیل کریں گے �

(جاری ہے)