ناسا کی جانب سے خلابازوں کے لباس کی نمائش

ہفتہ 3 مئی 2014 07:27

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3مئی۔2014ء ) امریکی خلائی ایجنسی ناسا نے مستقبل کے خلابازوں کے لیے تیار کیے جانے والے خلائی لباس کی نمائش کی ہے۔ میڈ یا رپورٹ کے مطابق یہ لباس مریخ پر بھیجے جانے والے پہلے انسانی خلائی مشن میں شامل خلابازوں کے لیے لباس کی تیاریوں کا حصہ ہے۔ناسا نے کہا ہے کہ زیڈ 2 نامی یہ لباس صرف نمونے کے طور پر تیار کیا گیا ہے لیکن اس کی کچھ خاصیتوں کو اس خلائی لباس میں شامل کیا جائے گا جو مریخ پر اترنے والے پہلے خلاباز پہنیں گے۔

اس لباس میں روشنی خارج کرنے والے ٹکڑے اور تار استعمال کیے گئے ہیں جنھیں اسے پہننے والے فرد کے مخصوص کر کے اس کی نشاندہی کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔’ٹیکنالوجی‘ ڈیزائن نامی اس لباس نے عوامی جائزے میں بھی سب سے زیادہ 63 فیصد ووٹ لیے۔

(جاری ہے)

زیڈ 2 کو تھری ڈی پرنٹر سے بنے حصوں کی مدد سے تیار کیا جائے ہیں خلاباز کے ناپ کے لیے تھری ڈی لیزر سکینر استعمال کیا جائے گا۔

اس لباس کی جانچ خلا کے ماحول والے چیمبر، ناسا کے تربیتی تالابوں اور ایک ایسی جگہ کی جائے گی جو مریخ کی چٹانی سطح جیسی دکھائی دیتی ہے۔ناسا نے کہا ہے کہ ’زیڈ سیریز کا ہر سوٹ ان تراکیب کو آگے بڑھا رہا ہے جو ایک دن مریخ پر پہنچنے والے پہلے انسانی خلاباز کے لباس میں استعمال ہوں گی۔‘سنہ 2012 میں ناسا نے زیڈ ون سوٹ جاری کیا تھا جو ہالی وڈ کی اینیمنشن فلم ’ٹوائے سٹوری‘ کے کردار ’بز لائیٹیئر‘ کے لباس سے مشابہ دکھائی دیتا تھا۔ اسے ٹائم میگزین نے سال کی بہترین ایجادوں میں شمار کیا تھا۔