گزشتہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے عمرا ن خان کے بیانات ان کی سیاسی عدم بلوغت کا ثبوت ہے،رانا ثناء الله خان،عوام عمران خان کے ایسے بیانات سن کر ہنستے ہیں ،وہ بے معنی الزام تراشی کی بجائے اپنی ہار کے اسباب، اپنی غلطیوں اور حرکتوں میں تلاش کریں، وزیر قانون پنجاب

ہفتہ 3 مئی 2014 07:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔3مئی۔2014ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خان نے کہاہے کہ گزشتہ انتخابات کے نتائج کے حوالے سے عمرا ن خان کے بیانات ان کی سیاسی عدم بلوغت کا ثبوت ہے او رایسے بیانات کاانہیں کوئی فائدہ نہیں پہنچ سکتا- عوام یہ بیانات سن کر ہنستے ہیں ،یہاں ایک بیان میں صوبائی وزیر قانون راناثنا الله نے کہاکہ عمران خان دھاندلی کے الزامات ان لوگوں پر لگا رہے ہیں جو الیکشن کی مہم کے دوران ان کے دست و بازو سمجھے جاتے تھے-یہ بات دنیا جانتی ہے کہ عمران خان انتخابی مہم کے دوران ابلاغ عامہ کے ایک معروف ادارے کے اعلانیہ پارٹنر تھے اور یہ بات بھی ریکارڈ کا حصہ ہے کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کوانتخابات کے دوران جو کوریج دی گئی وہ دوسری تمام سیاسی جماعتوں کو دی جانے والی مجموعی کوریج سے بھی زیادہ تھی-افسوس کی بات ہے کہ وہ آج اسی میڈیا گروپ کو اپنے بیان میں اپنا مخالف فریق قرار دے رہے ہیں- جھوٹ کی بھی آخر کوئی انتہاء ہوتی ہے- عمران خان کو معلوم ہونا چاہیے کہ عوام کا حافظہ اتنا کمزور نہیں ہوتا -عمران خان کو چاہیے کہ وہ بے معنی الزام تراشی کرنے کی بجائے اپنی ہار کے اسباب ، ان غلطیوں اور حرکتوں میں تلاش کریں- انہیں اس بات پر بھی غور کرنا چاہیے کہ کے پی کے کے عوام ایک سال سے کم عرصے میں تحریک ا نصاف کی حکومت سے نفرت کیوں کرنے لگے ہیں؟- انہوں نے کہاکہ عمران خان صوبے کے خزانے سے شوکت خانم ہسپتال کی ا شتہاری مہم چلا کر اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی ماررہے ہیں۔