جنوبی کوریا ،غرقاب جہاز کے لاپتہ مسافروں کی لاشوں کی تلاش کا عمل سمندر میں بڑی لہروں کے باعث معطل

اتوار 4 مئی 2014 07:34

سیئول(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) جنوبی کوریا کے جنوبی ساحلوں میں غر قا ب ہونے والے جہاز کے لاپتہ مسافروں کی لاشوں کی تلاش کا عمل سمندر میں بڑی لہروں کے باعث (ہفتہ کو ) معطل کردیا گیا ۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان کوسٹ گارڈ کومایگن سک نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طوفانی لہروں اور تیز ہواؤں کے باعث غوطہ خوروں کو فیری کے لاپتہ مسافروں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے اور اس شدید موسم میں وہ آپریشن کو جاری رکھنے کے قابل نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

ترجمان نے اس تشویش کا اظہار کیا کہ ہوسکتا ہے کہ بہت سے لاپتہ افراد کی لاشیں کبھی بھی نہ مل سکیں ۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً سو سے زائد غوطہ خور سمندری لہروں کے اترنے کے انتظار میں ہیں تاکہ وہ لاپتہ مسافروں کی تلاش کے لئے دوبارہ غوطہ خوری کرسکیں غوطہ خور ٹیموں کے لئے یہ ایک چیلنج ہے اور وہ خطرناک حالات کا سامنا کررہے ہیں یاد رہے کہ گزشتہ ماہ جنوبی کوریا کے ساحلوں کے قریب بحری جہاز کے الٹ جانے کے بعد سینکڑوں مسافر لاپتہ ہوگئے جہاز پر 459 افراد سوار تھے ۔