وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا ڈیرہ واقعہ متاثرین کیلئے معاوضوں کا اعلان، انکوائری کمیٹی بھی قائم

اتوار 4 مئی 2014 07:26

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء)خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ شوگر ملز کے نالے میں زہریلی گیس کی وجہ سے جاں بحق اور متاثرہ افراد کیلئے معاوضوں کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر جاں بحق فرد کے ورثاء کو ایک ایک لاکھ روپے اور زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے کی نقد امداد دی جائے جبکہ اس پیکیج کے علاوہ واقعے کی سنگینی کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے تمام متاثرہ خاندانوں کیلئے مجموعی بیس لاکھ روپے کے خصوصی معاوضے کی الگ رقم کی منظوری بھی دیدی ہے اور واضح کیا کہ متاثرین کے قیمتی جانوں کے مقابلے میں یہ معاوضہ اب بھی انتہائی کم ہے البتہ یہ صوبائی حکومت اور عوام کی طرف سے انکے دکھ اور مشکلات بانٹنے کی علامت اور کوشش ہے انہوں نے کمشنر ڈیرہ کو ان تمام رقوم کی جلد از جلد ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کمشنر ڈیرہ نے واقعے کی فوری انکوائری کیلئے ایڈیشنل کمشنر کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی ہے جو دو پندرہ روز میں رپورٹ جمع کرے گی جبکہ نالے کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا انتظام بھی کر دیا گیا ہے اور مطلوبہ مشینری کے علاوہ محکمہ آبپاشی کے حکام موقع پر پہنچ گئے ہیں کمشنر نے بتایا کہ شوگر ملز کو سیل کر دیا گیا ہے اور متاثرین کو ایف آئی آر کے علاوہ دیت کا دعویٰ کرنے کیلئے بھی کہا گیا ہے پرویز خٹک نے ہفتہ کی شام ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ نہ صرف متاثرین کو انصاف دلایا جائے گا بلکہ آئندہ اس طرح کے اندوہناک واقعات کاتدارک بھی یقینی بنایا جائے اور واضح کیا کہ اس افسوسناک واقعے میں غفلت کے مرتکب افراد کی بلا رو رعایت سخت ترین سرزنش کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :