ملکی حالات تشویشناک ہیں مارشل لاء خارج از امکان نہیں ، یوسف رضا گیلانی، جہاں تک حکومت کے ذمہ دار ہونے کا تعلق ہے اسٹیک ہولڈرز کو محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا، اداروں کو اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا ، اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر تصادم ہوسکتا ہے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا،میڈیا سے بات چیت

اتوار 4 مئی 2014 07:28

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔4مئی۔2014ء) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ملکی حالات تشویشناک ہیں اور مارشل لاء کا نفاذ خارج از امکان نہیں تاہم جہاں تک حکومت کے ذمہ دار ہونے کا تعلق ہے اسٹیک ہولڈرز کو محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا اور اداروں کو اپنی اپنی آئینی حدود میں رہ کر کام کرنا ہوگا اور اگر اس کی خلاف ورزی کی گئی تو پھر تصادم ہوسکتا ہے جو ملک کیلئے نقصان دہ ہوگا۔

یہ بات انہوں نے لاہور سے ملتان پہنچنے کے بعد ملتان ائر پورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان سے اتفاق کرتا ہوں دھاندلی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے پوچھا تھا کہ ہوا ہے اور کس نے کیا ہے تو میں نے جواب دیا تھا میرے فیورٹ سابق سی جے نے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کے احتجاج کی حمایت کرتے ہیں یہ دھاندلی نہیں ہوئی تو کیا ہوا ملتان سے میرے کینڈیڈیٹ بیٹے کو اغواء کیا گیا اور اس کا الیکشن کمیشن نے نتیجہ بھی اناؤنس کردیا یہ دھاندلی نہیں تو اور کیا ہے انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوگئی ہے اور عوام کی تکالیف میں مزید اضافہ ہوگیا ہے انہوں نے کہا کہ یہی حکمران میرے دور میں میرے خلاف احتجاجی کیمپ لگاتے تھے ہاتھ کے پنکھے چلتے تھے۔

اور اب یہی حکمران کہہ رہے ہیں کہ عوام کو لوڈ شیڈنگ کا جنگ پانچ سال برداشت کرنا ہوگا۔ اگر پانچ سال ہی برداشت کرنا تھا تو ہم ہی اس معاملے کو ٹھیک کر سکتے تھے انہوں نے کہاکہ کراچی منی پاکستان ہے اور پاکستان کا معاشی حب ہے۔ وہاں ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی وہاں امن و امان اور استحکام کی ضرورت ہے اور وہاں پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم مل کر استحکام لا سکتے ہیں اور ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آئندہ بجٹ میں حکومت نے ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد اضافے کا اعلان کیا ہے یہ مونگ پھلی کے دانے کے برابر ہے اس کو ڈبل ہونا چاہیے اور یہ حکومت جب بھی اقتدار میں آئی ہے لوگوں کو بے روزگار کرتی ہے انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے دور حکومت میں نواز شریف اور مشرف کے نکالے ہوئے لوگوں کو بحال کیا تھا۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ پیپلزپارٹی مخالفت برائے مخالفت نہیں کرے گی بلکہ اپوزیشن کا مثبت کردار ادا کرے گی اور عوام ایشوز اوپر لائے گی۔

انہوں نے علی حیدر گیلانی کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میں نے اخبار میں پڑھا تھا کہ طالبان کے نمائندے نے بیان دیا ہے کہ ہمیں حکومت کی طرف سے کوئی لسٹ نہیں ملی اور علی حیدر گیلانی کے بارے میں خود وزیر داخلہ اپنے بیان کی تردید کر چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو نے ابھی تک خود پنجاب کے دورہ کرنے کا شیڈول نہیں دیا مختلف اطراف سے بیان آتے ہیں جب تک بلاول بھٹو نہ کہیں اور اپنا موقف نہ دیں تب تک ان کے پنجاب کے دورے کا اعلان نہ سمجھا جائے کارکنوں کو غیر ذمہ داری کا ثبوت نہیں دینا چاہیے۔

متعلقہ عنوان :