طاہر القادری کا11مئی کا احتجاج، تحریک انصاف شمولیت یا عدم شمولیت کا حتمی فیصلہ نہ کر سکی، اہم رہنماؤں میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے،تحریک انصاف یوٹرن لے سکتی ہے،ذرائع

پیر 5 مئی 2014 08:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف 11 مئی کوپاکستان عوامی تحریک کے ڈاکٹر طاہر القادری کی کال پر ہونے والے احتجاج میں شمولیت کے حوالہ سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں کر سکی اور پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں میں اس حوالہ سے اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ پی ٹی آئی کے اندرونی ذرائع کے مطابق اس دباؤ پر احتجاجی تحریک کے حوالہ سے ڈاکٹر طاہر القادری سے اتحاد اور گٹھ جوڑ بارے تحریک انصاف یوٹرن لے سکتی ہے اور جمہوریت پسند ہونے کے نعرے کو زندہ رکھنے کے لئے جماعت اسلامی اور دیگر جماعتوں کی درخواست پر طاہر القادری کے احتجاجی پروگرام سے خود کو الگ کر سکتی ہے۔

تحریک انصاف کے قریبی ذرائع نے خبر رساں ادارے کو بتایاکہ پاکستان تحریک انصاف نے طاہر القادری کے ساتھ مل کر چلنے کا فیصلہ تو کیا ہے مگر یہ عمران خان کا انفرادی فیصلہ ہے جس کی ابھی تک مرکزی مجلس عاملہ کے بعض ارکان نے توثیق نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے تھا کہ عمران خان نے فیصلے تو کر لیا ہے کہ مگر ابھی تک اس پر عمل کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں جبکہ جماعت اسلامی بھی تحریک انصاف سے تقاضا کررہی ہے کہ وہ طاہر القادری سے الگ ہو جائیں تو ان کی بھر پور سپورٹ کی جائے گی جبکہ دوسری جانب پیپلز پارٹی ،ن لیگ ایک پیج پر نظر آرہے ہیں ۔

ایم پی اے نے بھی تاحال احتجاج میں شمولیت کا فیصلہ نہیں کیا ہے اگر طاہر القادری سے عمران خان کا اتحاد قائم رہا تو ایم کیو ایم اس احتجاج سے خود کو الگ بھی کر سکتی ہے۔