سعودی عرب کو مطلوب دو مشتبہ افراد پاکستان سے گرفتار،دونوں کا سعودی عرب واپسی پر طبی معائنہ،رشتے داروں سے ملنے کی اجازت ہوگی

پیر 5 مئی 2014 08:07

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے اتوار کو پاکستان سے اپنے دو مطلوب شہریوں کو گرفتار کرنے کی اطلاع دی ہے۔عرب ٹی وی رپورٹ کے مطابق وزارت داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے ایک بیان میں گرفتار کیے گئے دونوں مشتبہ افراد کے نام عادل فلیح العنزی اور باسم محمد حامد الجہنی بتائے ہیں۔ان دونوں کو پاکستان میں گرفتاری کے بعد ہفتے کے روز سعودی عرب لے جایا گیا تھا۔

ترجمان نے صحافیوں کو بتایا کہ ان دونوں کا سعودی عرب واپسی پر طبی معائنہ کیا گیا ہے۔انھوں نے مزید بتایا کہ ان دونوں سے مملکت کی پالیسی کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور انھیں اپنے خاندانوں سے ملاقات کا موقع بھی فراہم کیا جائے گا۔ان دونوں نوجوانوں کی سعودی مملکت کی جانب سے بیرون ملک دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث مشتبہ افراد کے خلاف جاری مہم کے تحت گرفتاری عمل میں آئی ہے۔

(جاری ہے)

تاہم سعودی ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ ان دونوں مشتبہ افراد کو پاکستان کے کس علاقے یا شہر سے پکڑا گیا تھا۔واضح رہے کہ سعودی فرمانروا شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے فروری میں ایک فرمان جاری کیا تھا جس کے تحت دہشت گرد گروپوں کے ارکان اور بیرون ملک لڑائیوں میں حصہ لینے والے سعودیوں کو بیس سال تک قید کی سزا سنائی جاسکے گی۔

متعلقہ عنوان :