عوامی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے،قائم علی شاہ ،غربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ روزگار حاصل کرکے غربت کا خاتمہ کرسکیں، صوبہ سندھ قدرتی طور پر مالا مال ہے اس دھرتی کو پیروں اور فقیروں کی دعا ئیں ہیں،جمپیر کے علاقے سے 60ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی، تھر کے کوئلے کو بجلی کیلئے استعمال کیا جائیگا جس سے بجلی کے فی یونٹ 17روپے سے کم ہوکر فی یونٹ 8روپے ہوجائیگی، تقریب سے خطاب

پیر 5 مئی 2014 07:37

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے کہا ہے کہ عوامی حکومت صوبے کی ترقی کیلئے دن رات کوشاں ہے او رغربت اور بے روزگاری کے خاتمے کیلئے نوجوانوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے تاکہ وہ روزگار حاصل کرکے غربت کا خاتمہ کرسکیں اور انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ قدرتی طور پر مالا مال ہے اس دھرتی کو پیروں اور فقیروں کی دعا ئیں ہیں ۔

جمپیر کے علاقے سے 60ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی اور تھر کے کوئلے کو بجلی کیلئے استعمال کیا جائیگا جس سے بجلی کے فی یونٹ 17روپے سے کم ہوکر فی یونٹ 8روپے ہوجائیگی ان خیالات کا اظہا ر وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ نے پاکستان انجینئرنگ کونسل کے زیر اہتمام آئی بی اے سکھر کے آڈیٹوریم میں گیٹ ٹو گیدر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مزید بتایا کہ ورلڈ بینک نے 70شعبوں میں نوجوانوں کو فنی تربیت دینے کیلئے 26ملین ڈالر روپے دینے کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے 2لاکھ نوجوانوں کو تربیت دی جائیگی اور 60ہزار نوجوانوں کو پہلے ہی تربیت دی جا چکی ہے جس سے30ہزار نوجوانوں کو نوکریاں مل چکی ہیں انہوں نے واضح کیا کہ این پی آئی ڈبلیو کے ملازمین کو اگر کورٹ نے ریگولر کردیا ہے اور وہ تمام قانونی تقاضے پورے کرلیے ہیں تو وہ خود کو ریگولر سمجھیں اور انجینئرنگ کونسل رابطہ آفس کے پلاٹ کیلئے کہا کہ جب کورٹ کی پابندی ختم ہوگی تب ان کو پلاٹ الاٹ کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اپوزیشن لیڈر سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ انجینئرز نے ملک اور صوبے کی ترقی اور خوبصورت بنانے میں کلیدی کردار ادا کیاہے اس لیے حکومت کو چاہیے کے وہ نئے انجینئرز کیلئے انٹرن شپ کا پروگرام متارف کرائے اور ان کیلئے نئی نئی راہیں نکالیں تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنے کردار ادا کرسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ جمہوری لوگ جمہوری سو چ رکھتے ہیں اس لیے وہ اداروں کی بہتری کیلئے کام کرتے ہیں پی پی حکومت نے ملک بھر کے 8لاکھ سرکاری ملازمین کیلئے 125فیصد تنخواہیں بڑھائیں۔

انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین نے کہا کہ ٹیکنیکل پوسٹوں پر ٹیکنکل لوگ رکھیں جائیں جس سے اداروں میں بہتر ی آئی گی اور جس سے صوبے میں گڈگورنس پیدا ہوگی انہوں نے بتایا کہ پاکستان انجینئرنگ کونسل دنیا میں اپنے آپ کو متعارف کرایا ہے اور بہت سے ملکوں نے پاکستان کو میمبر منتخب کیا ہے اور ایم او یوز سائن کیے ہیں جس سے 4ہزار انجینئرز کو ایکسپو سینٹر میں روزگار فراہم ہوگا قبل ازیں ایم پی اے سید اویس قادر شاہ نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انجینئرنگ کونسل کی کارکردگی اور اور ان کے مسائل کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی۔

سکھر میں انجینئرنگ کونسل کی جانب سے منعقدہ پروگرام کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے آئی بی اے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ حکومت نے مفاہمت کے اصولوں اور مرکز اور صوبوں میں تمام اراکین صوبائی اور قومی اسمبلی کو بلاتفریق ترقیاتی فنڈ کی مد میں شروع میں 40ملین اور 60ملین دیئے گئے تھے تاہم اس مرتبہ وفاق نے بجٹ میں ایک پیسہ بھی نہیں رکھا انہوں نے کہا کے افسوس کی بات ہے اگر کسی علاقے یااداروں کی بجلی کاٹی جاتی ہے تو کم از کم نوٹس دینا چاہیے ہم مرکز سے لڑنا نہیں چاہتے اس لیے ہم سی سی آئی میں جارہے ہیں ۔