لاہور میں بارش سے موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق، آئندہ دو روز تک ہلکے بادل آسمان پر موجود رہنے کا امکان ہے،محکمہ موسمیات

پیر 5 مئی 2014 07:39

لاہور،پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔5مئی۔2014ء) خیبرپختونخوا اور پنجاب میں موسلا دھار بارشیں،موسم خوشگوار، گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں اتوار کی سہ پہر کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ گرمی کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے ۔ ہفتہ کے روز سے آسمان پر منڈلانے والے بادل اتوار کو برس ہی پڑے اور تیز ہوا کے بعد بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا تاہم اکثرعلاقوں میں ہلکی بارش اور بوندا باندی تک ہی یہ سلسلہ محدود رہا لیکن شاہدرہ اور قریبی علاقوں میں تیز بارش بھی ہوئی۔

بارش سے درجہ حرارت بھی تیس سینٹی گریڈ تک رہ گیا جس میں شام گئے بتدریج کمی ہوتی گئی۔ پنجاب کے میدانی علاقوں میں آندھی سے بجلی کے تار اور درخت اکھڑ گئے، دریں اثناء خیبرپختونخوا ہ میں پشاور، نوشہرہ اور چار سدہ میں بھی بارش کے بعد گرمی کا زور ٹوٹ گیا، بنوں اور شیخوپورہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

کئی روز کی گرمی کے بعد بادلوں نے سورج کو اپنی اوٹ میں لے لیا، پشاور میں بادلوں نے رنگ دکھایا اور ابر رحمت خوب برسی، موسم مستانہ ہوگیا۔

نوشہرہ میں ہلکی بارش کے بعد موسم دلفریب ہوگیا اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں، شہری موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔چارسدہ میں کچھ دیر ہی سہی لیکن بادل جم کر برسے، شہر میں تیز ہواوٴں کا راج اور موسم آبر آلود ہے، ادھر بنوں میں بادل گرجتے رہے، آسمانی بجلی مکان پر گرنے سے ایک شخص ہلاک اور دوسرا جھلس کر زخمی جبکہ مکان تباہ ہوگیا۔تیز ہواؤں نے رخ کیا پنجاب کے میدانی علاقوں کا، شیخوپورہ میں تیز آندھی کے باعث بجلی کے 5 ٹاور گرگئے، گوجرانوالہ، منڈی بہاوٴ الدین اور گرد و نواح میں گرد و غبار کے طوفان چلتے رہے، سائن بورڈ اور درخت اکھڑنے کی اطلاعات ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ دو روز تک ہلکے بادل آسمان پر موجود رہنے کا امکان ہے۔