پیپلزپارٹی نواز شریف کو نہیں بلکہ ملک میں جمہوری نظام کو بچانا چاہتی ہے‘ خورشید شاہ،ملک میں ایک عرصہ بعد جدوجہد کے بعد جمہوری نظام آیا ہے‘ بہتر ہے اسے انا کا نشانہ نہ بنائیں‘ حکومت حالات بہتر بنائے‘ اپوزیشن لیڈر کی میڈیا سے گفتگو

منگل 6 مئی 2014 08:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مئی۔ 2014ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نواز شریف کو نہیں بلکہ ملک میں جمہوری نظام کو بچانا چا رہی ہے ملک میں ایک عرصہ بعد جدوجہد کے بعد جمہوری نظام آیا ہے لہذا بہتر ہے کہ ہم اس کو اپنی انا کا نشانہ نہ بنائیں‘ حکومت کو چاہیے کہ وہ حالات بہتر کرے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان رکن پارلیمنٹ ہیں ان کو طاہر القادری کے لانگ مارچ کا حصہ بننے کی بجائے پارلیمنٹ کا رخ کرنا چاہیے جہاں مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتاہے۔ پیر کے روز پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نواز شریف کو نہیں بلکہ جمہوری نظام کو بچانا چاہتی ہے انہوں نے کہا کہ عمران خان رکن پارلیمنٹ ہیں ان کو طاہر القادری کے لانگ مارچ کا حصہ بننے کی بجائے پارلیمنٹ کا رخ کرنا چاہیے جہاں مسائل کا حل تلاش کیا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ملک میں کافی عرصہ اور طویل جدوجہد کے بعد جمہوری نظام آیا ہے لہذا بہتر ہے کہ ہم اس کو اپنی ذاتی انا کا نشانہ نہ بنائیں ۔ ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ نے واضح کیا کہ اس وقت ملک میں کوئی جیو اور جنگ گروپ کے حق میں ریلیاں نکال رہا ہے تو کوئی افواج پاکستان کی حمایت میں ہمیں اب ان چیزوں کو روک دینا چاہیے کیونکہ ان سے اہم مسائل درپیش ہیں جن میں طالبانائزیشن شامل ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزارت پانی و بجلی کی جانب سے چھوٹے صوبوں کے خلاف اقدامات دراصل لوگوں کی لوڈ شیڈنگ سے توجہ ہٹانے کیلئے ہیں اور وہ موجودہ اقدامات اس لئے اختیار کررہی ہے کہ لوگ آپس میں لڑتے رہیں خورشید شاہ نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ حالات کو بہتر کرے انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ انتخابات کے بعد اور نو ماہ قبل تک عمران خان کو پتہ نہیں تھا کہ دھاندلی ہوئی ہے اس وقت جب ریلیاں نکل رہی ہیں تب عمران خان سب سے مل رہے ہیں۔