اسلام آباد‘ وزیر پانی و بجلی عابد شیر علی کی طلب اور پیداوار کے غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو ماموں بنانے کی کوشش ،نیشنل پاور کنٹرول سسٹم نے بھانڈا پھوڑ دیا‘ بجلی کی قلت 6957 میگاواٹ ہے

منگل 6 مئی 2014 08:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔6مئی۔ 2014ء) وزیر مملکت پانی و بجلی عابد شیر علی کی بجلی کی پیداوار اورطلب کے غلط اعداد و شمار دے کر عوام کو ماموں بنانے کی کوشش‘ نیشنل پاور کنٹرول سسٹم نے بھانڈا پھوڑ دیا نجی ٹی وی کے مطابق پیر کے روز وزیر مملکت نے میڈیا کو ملک میں بجلی کی قلت 3100 میگاواٹ بتائی تھی اور کہا تھا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ 8 سے 10 گھنٹے تک کی جارہی ہے تاہم سیکرٹری پانی و بجلی سے جب پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور طلب کا کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ ہے جو کہ درست ہے اور اس ریکارڈ کو دیکھنے پر پتہ چلا کہ ملک میں بجلی کی طلب 17850 جبکہ پیداوار 10893 میگاواٹ ہے اور اس طرح بجلی کی قلت 6957 میگاواٹ ہے اور وزیر مملکت عابد شیر علی کے بیان میں اور حقائق میں کھلا تضاد ہے اسی طرح لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ بھی بارہ سے چودہ گھنٹے تک ہے جو کہ غلط بتایا جارہاتھا۔