امریکہ شامی اپوزیشن دفاتر کو غیر ملکی مشن کا درجہ دینے پر رضامند

بدھ 7 مئی 2014 07:31

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء ) امریکا نے ملکی قانون کے تحت شامی اپوزیشن کو غیر ملکی مشن کا درجہ دینے پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے، میڈیا رپورٹ کے مطابق دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان ماری ہرف نے بتایا ہے کہ شامی اپوزیشن اتحاد کے دفاتر کو امریکی قانون کے تحت "غیر ملکی مشن" کا درجہ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا یہ اقدام واشنگٹن اور شامی اپوزیشن اتحاد کے درمیان تعلقات کو باقاعدہ شکل دینے کی ایک اور کوشش ہے۔

اب تک شامی اپوزیشن کی نیویارک اور واشنگٹن میں نمائندگی اتحاد کے رابطہ دفتر کرتے رہے ہیں۔شامی نیشنل کونسل کے سربراہ احمد الجربا کے سرکاری دورہ امریکا سے پہلے رونما ہونے والی یہ تبدیلی علامتی نوعیت کی ہے، اس کا یہ مطلب نہیں لیا جانا چاہیے کہ امریکا نے شامی اپوزیشن کو بشار الاسد کی جگہ حکومت تسلیم کرنا شروع کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

خاتون ترجمان نے واضح کیا کہ شامی اپوزیشن کے نمائندہ دفاتر کو امریکا میں "غیر ملکی مشن" کا درجہ دینے کا مطلب شامی اپوزیشن کونسکل کو حکومت تسلیم کرنا نہیں ہے۔

یہ شامی اتحاد کی عوام کے جائز نمائندہ فورم کے طور پر شراکت کا مظہر ہے۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شامی اپوزیشن کو امریکا میں بینکنگ اور سیکیورٹی خدمات کے حصول میں سہولت ملے۔ نیز انہیں امریکا میں مقیم شامیوں تک رسائی میں یہ امر سہولت فراہم کرے گا۔شامی اپوزیشن کونسل کے سربراہ احمد الجربا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ اتحاد کو امریکا کی جانب سے نیا درجہ دراصل بشار الاسد کے لیے کاری ضرب ہے۔

متعلقہ عنوان :