مودی کومسلمانوں کوہندووٴں سے لڑانے کے سوا کچھ نہیں آتا،راہول گاندھی

بدھ 7 مئی 2014 07:32

نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء) بھارت میں وزارت عظمیٰ کے امیدوار نریندر مودی نے گاندھی خاندان کو نشانے پر لے رکھا ہے۔ راہول گاندھی کہتے ہیں مودی کو مسلمانوں کو ہندووٴں سے لڑانے کے سوا کچھ نہیں آتا۔وزیراعظم بنے نہیں لیکن آسمانوں پر اور اونچا اْڑنے کے شوق میں نریندر مودی کو زمین پر آنا ہی پڑتا ہے۔ کانگریس کو لتاڑنے کیلئے وزارت عظمیٰ کے امیدوار مودی نے اب پورے گاندھی پریوار کو ہی نشانے پر رکھ لیا۔

(جاری ہے)

نریندرمودی نے کانگریس کے گڑھ امیٹھی میں ہی سونیا گاندھی پر کڑی تنقید کی اور وزیراعظم من موہن سنگھ کو بلی کا بکرا بناگئے۔ عوام کو لبھانے کیلئے راہول گاندھی بھی پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں جو تن تنہا مودی کو ٹف ٹائم دینے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے۔لوک سبھا انتخابات کے آخری آخری دنوں میں دونوں جماعتیں ہی ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہیں لیکن گجرات میں مسلم کش فسادات کو لیکر نریندرمودی کا بھیانک ماضی بھی کسی سے ڈھکاچھپا نہیں۔ سیاسی پنڈت کہتے ہیں انتخابی نتائج کا دن سولہ مئی زیادہ دور نہیں جب، ہواوٴں میں اْڑنے والے نریندرمودی کے پیروں تلے زمین نکل سکتی ہے۔