اسلام آباد ، حفظ قرآن کریم کے فائنل مقابلے آج سے فیصل مسجد میں شروع ہورہے ہیں، ملک بھر سے 900نونہال بچوں میں سے کامیاب 50بچے شرکت کریں گے، افتتاحی سیشن کی صدارت آئی جی موٹروے اینڈ ہائی وے ذوالفقار چیمہ کرینگے

بدھ 7 مئی 2014 07:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء)پاکستان میں رابطہ عالم اسلامی کی طرف سے حفظ قرآن کریم کے فائنل مقابلے آج (بدھ )سے فیصل مسجد میں شروع ہورہے ہیں جس میں کم عمر بچوں کے حفظ کے مقابلوں میں سے فائنل میں پہنچنے والے 50بچے حصہ لیں گے ۔فائنل مقابلہ فیصل مسجد کے ہال میں شروع ہوگا جسکے افتتاحی سیشن کی صدارت آئی جی موٹروے اینڈ ہائی وے ذوالفقار چیمہ،اوردوسرے سیشن کی صدارت ڈاکٹرجمال ناصر چیئرمین پاکستان ٹاسک فورس اور ڈی جی رابطہ ڈاکٹر عبدہ بن محمد عتین کریں گے ۔

تفصیلات کے مطابق رابطہ عالم اسلامی ،انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے تحفیظ قرآن کریم کے زیر انتظام پاکستان بھر میں دس سال سے کم عمر حفاظ و حافظات کے درمیان مقابلوں کا انعقاد کیا جاتا ہے یہ مقابلے ذیلی سطح پر اضلاع میں منعقد ہوتے ہیں اس سال گلگت،سکردو، آزادکشمیر سمیت ملک بھر سے900 سو سے زائد حفاظ و حافظات نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مقابلے انتہائی دلچسپ اور بہترین رہے جسمیں ننھے حفاظ نے ایک دوسرے سے بڑھ کر قرآن مجید زبانی پڑھنے کی کوشش کی ان مقابلوں میں ملک بھر سے(ممتاز مع الشرف) میں پچاس بچوں نے کامیابی حاصل کرکے فائنل مقابلہ کیلئے اپنے آپ کو بہترین ثابت کیا ۔

تنظیم کے زرائع کے مطابق ان بچوں کے درمیان آج بدھ سے اسلام آباد فیصل مسجد میں ہر سال کی طرح فائنل مقابلہ جات صبح سے شروع ہوجائیں گے(یہ مقابلے جمعرات کو بھی جاری رہیں گئے) جو شام تک جاری رہیں گے ۔

مقابلہ جات کے افتتاحی سیشن کی صدارت آئی جی موٹروے اینڈ ہائی وے ذوالفقار چیمہ،اوردوسرے سیشن کی صدارت ڈاکٹرجمال ناصر چیئرمین پاکستان ٹاسک فورس اور ڈی جی رابطہ ڈاکٹر عبدہ بن محمد عتین کریں گے۔

اور یہاں سے پوزیشن حاصل کرنیوالے بچوں عمرے کے ٹکٹ کے ساتھ سعودیہ روانہ کیاجائے گا جہاں وہ بچے سعودی عرب میں قائم بین الاقوامی امتحانی کمیٹی کوانٹرنیشنل لیول پرمنعقد ہونے والے حتمی امتحان میں شریک ہونگے ،جس کے بعد فائزین کوعالمی معیار کے انعامات سے نوازا جائے گا ۔ڈی جی رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبدہ بن محمد عتین نے کم سن حفاظ کے درمیان منعقدہ ان مقابلوں کو بچوں میں حفظ قر آن کریم کے ذوق میں اضافہ کا سبب قرار دیا اور کہا کہ یہ گیارہواں سالانہ امتحان ہے اولین امتحانات میں اتنے کم عمر حفاظ ملنا بہت مشکل ہوتے تھے جبکہ اب ماشاء اللہ ایک بہت بڑی تعداد ہر شہر سے مل جاتی ہے ۔

پروگرام کے آرگنائزر اور انچارج حلقات قرآنیہ سیکشن قاری محمد یوسف ہزاروی نے کہا کہ بیشک قرآن مجید اللہ کی لاریب کتا ب ہے اور یہ اسی کا اعجاز ہے جو ننھے منھے حفاظ کے سینے میں محفوظ ہوجاتا ہے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل آرگنائزیشن برائے تحفیظ قرآن کریم کے تحت منعقدہ فائنل مقابلہ کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ۔مقابلہ کو دیکھنے کیلئے فیصل مسجد اسلام آباد میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جہاں شہری ان مقابلہ جات کو براہ راست دیکھ سکتے ہیں اور ثواب میں شریک ہوسکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :