راولپنڈی ، اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کو دس ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے، شہبازشریف ،میٹروبس کا منصوبہ سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہیے، منصوبے کے تعمیراتی کام کا پورا خیال رکھا جائے،راولپنڈی ، اسلام آباد میٹروبس مفاد عامہ کا شاندار منصوبہ ہے ،تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،سابق رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی کی سربراہی میں کمیٹی منصوبے کے معیار او ر شیڈول کے مطابق تکمیل کو یقینی بنائے گی، وزیراعلیٰ کا اجلاس سے خطاب

بدھ 7 مئی 2014 07:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء)وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ راولپنڈی ۔اسلام آباد میٹرو بس منصوبے کو ہر حال میں دس ماہ کی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور منصوبے کے تعمیری کام کے معیار کا پورا خیال رکھا جائے ۔ ٹرین کے ذریعے راولپنڈی آنے جانے والے مسافروں کی میٹرو بس تک رسائی کے لئے ریلوے اسٹیشن سے مری روڈ تک شٹل سروس کی سڑک تعمیر کی جائے ۔

میٹروبس منصوبے کی لینڈ سکیپنگ کے حوالے سے خصوصی منصوبہ بنایا جائے ۔راولپنڈی۔ اسلام آباد میٹروبس منصوبہ ہر لحاظ سے مکمل اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہونا چاہئے ۔ کنٹریکٹرز کو پابند بنایا جائے کہ وہ تعمیر کے دوران ملبہ کو بلا تاخیر اٹھائیں جبکہ مری روڈ پر گرد و غبار کے سد باب اور مزید بہتر ٹریفک مینجمنٹ کے ذریعے شہریوں کی مشکلات کو کم سے کم کیا جائے ۔

(جاری ہے)

راولپنڈی -اسلام آباد میٹروبس مفاد عامہ کاشاندار منصوبہ ہے تاخیر کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی،وہ اسلام آباد میں میٹرو بس سروس پراجیکٹ پر تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ راولپنڈی اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور پارٹی ٹکٹ ہولڈرزوفاقی سیکرٹری کابینہ، وفاقی سیکرٹری پلاننگ ، چیئرمین سی ڈی اے ، کمشنر راولپنڈی و پراجیکٹ ڈائریکٹر میٹرو بس سروس ، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، چیف کمشنر اسلام آباد ، سیکرٹری انفارمیشن پنجاب ، آر پی اور راولپنڈی ، ڈی سی او راولپنڈی اور دیگر سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو بس پراجیکٹ کے تعمیراتی کام کی نگرانی کے لئے سابق رکن قومی اسمبلی محمد حنیف عباسی کی سربراہی میں عملدرآمد کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو معیار اور شیڈول کے مطابق منصوبے کی تکمیل یقینی بنائے گی ۔ وزیر اعلی نے کہا کہ میٹروبس سروس کے سٹارٹنگ پوائنٹ پر پارکنگ پلازہ بھی تعمیر کیا جائے تاکہ شہری میٹرو بس کی سہولت سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکیں۔

منصوبے پر کام کرنے والے انجینئرز اور محنت کشوں کے تحفظ اور سیفٹی کا پوری طرح خیال رکھا جائے تاکہ تعمیر کے دوران کسی قسم کا کوئی حادثہ پیش نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہفتہ وار بنیادوں پر خود منصوبے پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کے حوالے سے جائزہ لیتے رہیں گے۔کمشنر راولپنڈی پراجیکٹ ڈائریکٹر میٹرو بس سروس زاہد سعید نے اجلاس میں خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرو بس سروس کے راولپنڈی میں تینوں پیکیجز پر تیز رفتاری سے کام شروع ہو چکا ہے جبکہ اسلام آباد کے پورشن میں چار کنٹریکٹرز نے اپنے سائیٹ آفسز قائم کر کے عملی کام شروع کردیا ہے جبکہ ایک پیکیج کا ٹینڈر آج فائنل ہو جائے گا۔

چیئر مین سی ڈی اے معروف افضل نے اجلاس میں بتایاکہ میٹرو بس سروس کے ڈپو کیلئے اسلام آباد میں جگہ کی نشاندہی ہو چکی ہے اور ایک ہفتے کے اندر اس سے متعلق ضروری کارروائی مکمل ہو جائے گی ۔ اجلاس میں عوامی نمائندوں نے میٹرو بس منصوبے کی تعمیر پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اورمختلف تجاویز پیش کیں ۔