اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا ، معین خان فارغ ، پی سی بی کے 3 مزید برطرف ملازمین بھی عہدے پر بحال، ہائی کورٹ کا شکر گزار ہوں اس نے انصاف پر مبنی فیصلہ کیا ، محمد الیاس

بدھ 7 مئی 2014 07:23

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔7مئی۔2014ء) ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کو ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے، معین خان فارغ ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نورالحق قریشی نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق چیف سلیکٹر محمد الیاس کی جانب سے عہدے سے برطرفی کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے انھیں دوبارہ چیف سلیکٹر کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔

اس کے علاوہ عدالت نے پی سی بی کے 3 مزید برطرف ملازمین کو بھی ان کے عہدے پر بحال کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سابق چیر مین پی سی بی ذکا اشرف نے محمد الیاس کو جنوری 2014 میں چیف سلیکٹر تعینات کیا تھا لیکن نجم سیٹھی نے پی سی بی کا چیرمین بننے کے بعد 13 فروری 2014 کو انھیں معزول کر دیا تھا۔ محمد الیاس کی اپنے عہدے پر بحالی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے گزشتہ ماہ مقرر کئے گئے چیف سلیکٹر معین خان اپنے عہدے پر برقرار نہیں رہے ہیں۔ محمد الیاس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ کا شکر گزار ہوں کہ اس نے مجھے عہدے پر بحال کرکے انصاف کا ساتھ دیا آج پی سی بی جا کر اپنے عہدے کا چارج سنبھالوں گا اس کے بعد اگلہ لائحہ عمل طے کیاجائے گا ۔