حکومت کا ملک پر پولیو کے مرض کے باعث لگنے والی پابندیوں کا سخت نوٹس، تمام ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں سمیت تمام خارجی راستوں پر پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کاؤنٹرز قائم کرنے اور تمام مسافروں کو مفت پولیو کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ، پابندیوں کا اطلاق کب سے ہونا ہے، ڈبلیو ایچ او سے معلومات طلب، دفتر خارجہ کے حکام کو عالمی سطح پر لابنگ کی ہدایت بھی کی گئی ، پاکستان پر اچانک پابندیاں لگائی گئی ہیں ، بھارت کو دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا ہمیں فوری پابندیوں کی توقع نہیں تھی تاہم ہنگامی بنیادوں پر صورتحال سے نمٹنے کیلئے سالانہ کروڑروں روپے کی ویکسین کی ضرورت ہوگی،سائرہ افضل تارڑ

جمعرات 8 مئی 2014 07:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء)حکومت نے ملک پر پولیو کے مرض کے باعث لگنے والی پابندیوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تمام ہوائی اڈوں اور بندرگاہوں سمیت تمام خارجی راستوں پر پولیو کے قطرے پلانے کیلئے کاؤنٹرز قائم کرنے اور تمام مسافروں کو مفت پولیو کارڈ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ڈبلیو ایچ او سے بھی اس حوالے سے معلومات مانگی گئی ہیں کہ پابندیوں کا اطلاق کب سے ہونا ہے، دفتر خارجہ کے حکام کو عالمی سطح پر لابنگ کی ہدایت بھی کی گئی ہے اور وزیر مملکت برائے ہیلتھ ریگولیشنز سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان پر اچانک پابندیاں لگائی گئی ہیں جبکہ بھارت کو دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا ہمیں فوری پابندیوں کی توقع نہیں تھی تاہم ہنگامی بنیادوں پر صورتحال سے نمٹنے کیلئے سالانہ کروڑروں روپے کی ویکسین کی ضرورت ہوگی ۔

(جاری ہے)

بدھ کو یہاں اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈبلیو ایچ او سے معلوم کیا ہے کہ انہوں نے دو ہفتوں میں پابندی کی بات کی ہے تو ان دو ہفتوں میں صورتحال کیا ہوگی امید ہے کہ اس حوالے سے جلد معلومات مل جائینگی ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پر پابندیاں لگانے سے پہلے اسے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا جبکہ پاکستان پر اچانک پابندیاں لگائی گئی ہیں ہم ڈبلیو ایچ او کی اسمبلی میں جانے والے تھے اور ہمیں امید تھی کہ اسمبلی میں ہی کوئی فیصلہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا میڈیا بھی اس سماجی ذمہ داری کو سمجھے اور افواہیں پھیلانے کی بجائے لوگوں کو آگاہی فراہم کرے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں دفتر خارجہ کے حکام کواس لئے بلایا گیا تھا کہ ہم معلوم کرنا چاہتے تھے کہ اس حوالے سے بین الاقوامی ہیلتھ ریگولیشنز کیا ہیں جبکہ عالمی سطح پر ہمیشہ اقوام متحدہ سمیت دیگر اداروں میں کسی بھی معاملے پر لابنگ کی جاتی ہے اور سفارتی ذرائع سے مسائل حل کئے جاتے ہیں ہم نے دفتر خارجہ کے حکام سے اس حوالے سے بھی بات چیت کی ہے ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے جو سفارشات آئی ہیں وہ صرف مسافروں کیلئے ہیں غیر ملکی پاسپورٹ رکھنے والے افراد اگر پاکستان میں چار ہفتے سے زیادہ قیام کرینگے تو پھر انہیں بھی پاکستان سے جاتے ہوئے پولیو ویکسین اور کارڈ لینا ہونگے ۔

اس حوالے سے سول ایوی ایشن اتھارٹی ہمیں کاؤنٹر دیگی اور لوگوں کو آگاہ کرنے کیلئے پروازوں اور ہوائی اڈوں پر اعلانات بھی کئے جائینگے اس حوالے سے ٹریول ایجنٹوں کو بھی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے گا ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ٹریول ایجنٹوں نے پہلے ہی پولیو کارڈ حاصل کرنے شروع کردیئے ہیں یہ بالکل درست نہیں اور میں دو روز سے یہ وضاحت کررہی ہوں کہ ابھی پابندیوں کے اطلاق کے حوالے سے صورتحال واضح نہیں اس لئے اس قسم کے کارڈ لینے کی ابھی کوئی ضرورت نہیں ہے ۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس قسم کی پابندیاں مشرق وسطیٰ اور کئی دوسرے ملکوں پر بھی لگ چکی ہیں انشاء اللہ جلد ہم یہ پابندیاں ختم کرالینگے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر سے حج اور عمرہ کیلئے سعودی عرب جانے والوں کو پہلے ہی وہاں جاتے ہی پولیو ویکسین دے دی جاتی ہے ۔ اس موقع پر خیبر پختونخواہ کی صوبائی حکومت کے نمائندے نے صحافیوں کو بتایا کہ صوبے میں پولیو ویکسین پلانے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اس لئے صحت کا انصاف پروگرام شروع کیا گیا جس کے تحت سکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی میں ٹیموں نے دورے کئے اور انہیں تمام بچوں تک رسائی فراہم کی گئی مزید علاقوں میں بھی بچوں تک مکمل رسائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں جہاں تک فاٹا کا تعلق ہے اس کے حوالے سے وفاقی حکومت ہی اقدامات کرسکتی ہے ۔