خیبر ایجنسی ‘ نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی اپنے علاقوں کو واپسی کا سلسلہ شروع

جمعرات 8 مئی 2014 08:05

خیبر ایجنسی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء) خیبر ایجنسی وادی تیراہ سے ایک سال پہلے نقل مکانی کرنے والے متاثرین کی اپنے علاقوں کو دوبارہ واپسی کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ پولیٹیکل تحصیلدار تیراہ اور آئی ڈی پیز کے انچارج نیک محمد نے خبر رساں ادارے کو بتایا کہ پہلے روز جرمہ کوہاٹ کیم سے ملک دین خیل قوم سے تعلق رکھنے والے 184 خاندان واپس تیراہ پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام تیراہ متاثرین کو ٹرانسپورٹ‘ ادویات اور خوراک کی اشیاء مہیا کی گئی ہیں۔ تحصیل دار نیک محمد نے مزید کہا کہ تیراہ متاثرین کی واپسی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ہر روز تین سو خاندانوں کو تیراہ اپنے علاقوں کو واپس روانہ کردیا جائے گا جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق تیراہ کے مختلف مقامات پر گزشتہ سال دو مسلح تنظیموں کی شدید جھڑپوں کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے تھے اور محفوظ مقامات کو نقل مکانی کر چکے تھے۔