ملائیشیاء ، اعزازی پاسپورٹ نہ ملنے پر پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے خود سوزی کرنے والا پاکستانی جوان ہسپتال میں دم توڑ گیا

جمعرات 8 مئی 2014 08:09

کوالالمپور( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء)ملائیشیاء میں اعزازی پاسپورٹ نہ ملنے پر پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے خود سوزی کرنے والا پاکستانی جوان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔تفصیلات کے مطابق پشاور سے تعلق رکھنے والا جوان منیر گوہر ولد منیر اختر نے گزشتہ روزملائشین سیکورٹی حکام کی رہائی کے بعد پاکستانی جانے کے لئے اعزازی پاسپورٹ حاصل کرنے کے لئے کوالالمپور میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن سے رابطہ قائم کیا جنہوں نے اس سے رشوت لینے کے باوجود پاسپورٹ بنانے سے انکار کر دیا جس کے کچھ روز تک وہ ہائی کمیشن میں تعینات سفارت کاروں کی منت سماجت کرتا رہا مگر کسی نے اُس کی ایک نہ سنی جس کے بعد6مئی بروز منگل کوآخر کار تنگ آ کراُس نے پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے خود پر پٹرول جھڑک کر آگ لگا دی قریب ہی موجود دیگر پاکستانیوں نے آگ بجھانے کے بعد اُسے ہسپتال لے گئے جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے وہ دَ م توڑ گیا۔

(جاری ہے)

مذکورہ پاکستانی کی میت پاکستان روانہ کر دی گئی ہے ، اس واقعے کے بعد ملائشیاء میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی نے پاکستانی ہائی کمیشن کے سامنے مظاہرہ کرتے ہوئے ہائی کمیشن کے کرپٹ سفارت کاروں کو فوری طور پر تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔مظاہرین کے مطابق ہائی کمیشن میں رشوت دینے والے غیر قانونی افراد کے پاسپورٹس بن رہے ہیں جبکہ قانونی طور پر رہنے والے افراد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ جبکہ ہائی کمشنربھی طویل چھٹی پر پاکستانی میں ہیں ۔ اس سلسلے میں جب پاکستانی ہائی کمیشن کے فرسٹ سیکرٹری مراد وزیر سے رابطہ قائم کیا گیا تو اُنہوں نے تفصیلات بتانے سے انکار کر دیااور جواب دیا کہ اِ س سلسلے میں آپ ہائی کمشنر سے بات کر لیں۔