موسمیاتی تبدیلی کے واضح شواہد کی نشاندہی‘ رپورٹ،’نشاندہی کیے جانے والے شواہد، اِس بات کی تصدیق کے لیے کافی ہیں کہ پچھلے 50 برس کے دوران، ہونے والی انسانی سرگرمیاں ہی بنیادی طور پر عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بنیں،قومی موسمیاتی جائزہ 2014ء کی تازہ رپورٹ

جمعرات 8 مئی 2014 07:48

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء) ایک تازہ ترین امریکی رپورٹ میں ملک کے درجہ حرارت میں اضافے، سمندر کی بڑھتی ہوئی سطح اور خشک سالی میں اضافے، سیلاب اور دیگر موسمی شدت کی وجوہات کی نشاندہی کی گئی ہے، جو معاملہ ’موسمیاتی تبدیلی‘ کے زمرے میں آتا ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق ’قومی موسمیاتی جائزہ 2014ء کے نام سے جاری ہونے والی اِس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ، ’اِس صدی کے دوران اور آئندہ، ملک بھر میں موسم کی تبدیلی کے اثرات مزید نقصاندہ ثابت ہو سکتے ہیں۔

اور، اِس میں کہا گیا ہے کہ ’کوئی اور نہیں، ہم خود اِس کے ذمہ دار ہیں‘۔ اِس وفاقی مطالعاتی جائزے میں کئی طرح کے شواہد بیان کیے گئے ہیں، جو، رپورٹ کے الفاظ میں،’ اِس بات کی تصدیق کے لیے کافی ہیں کہ پچھلے 50 برس کے دوران، نمودار ہونے والی انسانی سرگرمیاں ہی بنیادی طور پر عالمی درجہ حرارت میں اضافے کا باعث بنیں‘۔

(جاری ہے)

تاہم، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اب بھی اقدام کا وقت ہاتھ سے نہیں گیا۔

اِس میں کہا گیا ہے کہ آئندہ موسمیاتی تبدیلی کی شرح کا دارومدار اِس بات پر ہوگا کہ بحیثیت ِمعاشرہ ہم مضر گیس کے اخراج سے متعلق معاملے میں کیا اقدام کرتے ہیں۔تاہم، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انسانی سطح پر گرین ہاوٴس گیسز کو محدود کرنے کی موجودہ کوششیں، جن کا خصوصی طور پر باعث جلتا ہوا کوئلہ، تیل اور گیس ہے، ’برآمد ہونے والے منفی نوعیت کے سماجی، ماحولیاتی اور معاشی نتائج کو رفع کرنے کے لیے ناکافی ہیں۔

اِس رپورٹ کو بنیاد بناتے ہوئے، اوباما انتظامیہ موسمیاتی تبدیلی کے سلسلے میں فوری اقدام کا مطالبہ کر رہی ہے، جو معاملہ کانگریس میں تعطل کا شکار رہا ہے۔یہ جائزہ 300 سے زائد ماہرین پر مشتمل ایک ٹیم نے تیار کیا، جس کے لیے راہنمائی امریکی محکمہ تجارت کی طرف سے قائم کردہ 60 رکنی وفاقی مشاورتی کمیٹی نے فراہم کی۔مطالعے میں سات شعبہ جات میں موسماتی تبدیلی کے اثرات کو مدِ نظر رکھا گیا: جس میں انسانی صحت، پانی، توانائی، باربرداری کے ذرائع، زراعت، جنگل اور ’اِکو سسٹمز ‘شامل ہیں۔غذائی وسائل کے تحفظ کو لاحق چیلنج، پینے کے پانی کا گرتا ہوا معیار اور امراض کے بڑھتے ہوئے خدشات، موسمیاتی تبدیلی سے متعلق چند مسائل ہیں جِن کی رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے۔