صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ، ایک نئے وزیر کو شامل اور کئی وزراء کے محکمے تبدیل کئے جانے کا امکان ،سات وزراء کو محکمے سونپ دیئے گئے ، نوٹیفیکیشن جاری

جمعرات 8 مئی 2014 07:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء)صوبہ خیبر پختونخواہ کی کابینہ میں ردوبدل کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے جس کے تحت ایک نئے وزیر کو شامل اور کئی وزراء کے محکمے تبدیل کئے جانے کا امکان ہے ۔سرکاری ذرائع کے مطابق شہرام ترکئی جو سینئر وزیر کی حیثیت سے دو وزارتیں رکھتے ہیں ان سے ایک وزارت واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ وزیر کھیل محمود خان کی وزارت تبدیل کرتے ہوئے انہیں آبپاشی کا قلمدان دیئے جانے کا امکان ہے جبکہ وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی واجد آفریدی کو کھیلوں کی وزارت دی جائے گی ۔

(جاری ہے)

میڈیا اطلاعات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات شاہ فرمان نے بھی کابینہ میں ردوبدل اطلاعات کی تصدیق کی ہے ۔ادھرخیبر پختونخوا کے سات وزراء کو محکمے سونپ دیئے گئے جس کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا نوٹیفیکیشن کے مطابق میاں جمشید الدین کو ایکسائز و ٹیکسیشن کا وزیر بنادیا گیا جبکہ شہرام خان ترکئی کو صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کا قلمدان سونپ دیا گیا جبکہ محمود خان کو آبپاشی، اکرام اللہ گنڈا پور کوزراعت کا محکمہ دیاگیا جبکہ ضیاء اللہ آفریدی کو معدنیات اور قلندر لودھی کو خوراک کا وزیر مقرر کیا گیا ہے نوٹیفیکیشن کے مطابق مشتاق غنی کو ہائیر ایجوکیشن کا قلمدان سونپ دیا گیا۔