سپریم کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نکالے گئے ملازمین کی بحالی کیلئے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست نمٹا دی ،معاملہ واپس اسلام آباد ہائیکورٹ بھجوادیا، دس روز میں فیصلہ کیا جائے‘ دس روز میں فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردی حکم امتناعی ختم ہوجائے گا،عدالت کی ہدایت

جمعرات 8 مئی 2014 07:38

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔8مئی۔2014ء) سپریم کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے نکالے گئے ملازمین کی بحالی کیلئے ہائیکورٹ کے فیصلے کیخلاف دائر درخواست نمٹاتے ہوئے معاملہ واپس اسلام آباد ہائیکورٹ بھجوادیا ہے اور ہائیکورٹ کو ہدایت کی ہے کہ دس روز میں فیصلہ کیا جائے‘ دس روز میں فیصلہ نہ ہونے کی صورت میں ہائیکورٹ کی جانب سے جاری کردی حکم امتناعی ختم ہوجائے گا۔

جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے بدھ کے روز کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

اس دوران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کی جانب سے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ چوہدری اختر جبکہ ملازمین احمد نواز‘ محمد اختر‘ امجد علی‘ عدنان احمد اور محمد لیاقت کی جانب سے عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ پیش ہوئیں۔ ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے موقف اختیار کیا کہ پی سی بی نے قانون کے مطابق ہی ملازمین کیخلاف کارروائی کی ہے جبکہ عاصمہ جہانگیر کا کہنا تھا کہ ملازمین کا ملازمت سے برخواست کیا جانا انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کرتا۔ ہائیکورٹ نے درست فیصلہ کیا ہے اس پر عدالت نے دوبارہ مقدمہ اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا۔