پاکستان کا حتف تھری بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ،غزنوی میزائل 290 کلو میٹر تک مار کرسکتا ہے اور یہ میزائل روایتی اور ایٹمی وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے، پاک فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان کے پاس انتہائی شاندار کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم موجود ہے،آرمی چیف کا خطاب،صدر اور وزیراعظم کی کامیاب تجربہ پر فوجی افسران اور سائنسدانوں کو مبارکباد

جمعہ 9 مئی 2014 06:57

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء)پاکستان نے حتف تھری بیلسٹک میزائل غزنوی کا کامیاب تجربہ کیا ہے اور بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کامیاب تجربہ پر افسروں اور قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے، پاکستان کے پاس انتہائی شاندار کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم موجود ہے،صدر اور وزیراعظم نے کامیاب تجربہ پر فوجی افسران اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی ہے۔

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق غزنوی میزائل 290 کلو میٹر تک مار کرسکتا ہے اور یہ میزائل روایتی اور ایٹمی وارہیڈز لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے ۔ آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈ کی تربیتی مشقوں کے اختتامی روز پاکستان آرمی نے حتف تھری غزنوی میزائل کا کامیاب تجربہ کیا جو آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈکی فیلڈ تربیت کا سب سے اہم نقطہ تھا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف ،ڈائریکٹر جنرل سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات،کمانڈر فائیو کور لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی،کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورسز کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل عبیداللہ خان،چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی اور دیگر اعلیٰ فوجی حکام اور سائنسدان موجود تھے ۔آرمی چیف نے مشقوں کا بھی معائنہ کیا ۔ غزنوی میزائل 290 کلومیٹر تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور یہ ایٹمی اور روایتی ہتھیار ہدف تک لے جانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے ۔

زمین سے زمین تک مار کرنے والے اس میزائل کے کامیاب تجربے پر سائنسدانوں ،انجینئرز اور دیگر حکام کو آرمی چیف نے مبارکباد دی۔آرمی چیف نے اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور زور دیا کہ تربیت کا اعلیٰ ترین معیار ہر صورتحال میں برقرار رہنا چاہئے۔ انہوں نے اس عزم کو دوہرایا کہ پاکستان کے پاس دنیا کا بہترین کمانڈ اور کنٹرول سسٹم موجود ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی جارحیت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق صدر ممنون حسین، وزیراعظم محمد نوازشریف نے بھی کامیاب تجربہ پر فوجی افسران اور سائنسدانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کاوشوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔