خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے انتخاب کیلئے مولانا لطف الرحمن کے نام پر اتفاق

جمعہ 9 مئی 2014 06:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء) خیبر پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرکے انتخاب کیلئے جے یو آئی کے رہنما مولانا لطف الرحمن کے نام پر اتفاق ہوگیا جبکہ نو منتخب رکن اسمبلی ڈاکٹر حیدر علی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا۔صوبائی اسمبلی کے احاطے میں اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی لیڈروں مولانا لطف الرحمن  سردار حسین بابک  سکندر شیر پاؤ  محمد علی شاہ باچا اور سردار اورنگزیب نلوٹھہ نے میڈیاسے گفتگوکے دوران بتایاکہ تمام اپوزیشن جماعتیں مولانا لطف الرحمن کے نام پر متفق ہوگئی ہیں ۔

انہوں نے خیبر پختونخوا حکومت کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت مرکز سے وسائل لانے میں ناکام ہو چکی ہے جبکہ محکمے بھی صوبائی حکومت کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے نالاں ہیں ۔

(جاری ہے)

رہنماؤں نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات لگانے والے خود دھاندلی کے ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن مولانا لطف الرحمن کی قیادت میں بھرپور کردار ادا کرے گی ۔

جمعرات کے روز سوات سے صوبائی اسمبلی کے نومنتخب رکن ڈاکٹرحیدرعلی نے اپنے عہدے کاحلف اٹھالیا سپیکر اسدقیصر نے ان سے حلف لیا حلف اٹھانے کے بعد نومنتخب ایم پی اے ڈاکٹرحیدرعلی نے کہاکہ خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے یہاں پر سماجی و معاشی انصاف کی ضرورت ہے جو کہ تحریک انصاف پورا کرے گی ۔

متعلقہ عنوان :