کسی بھی فیصلے کیخلاف احتجاج سب کا آئینی واخلاقی حق ہے ، جولوگ اپنے قائدکی بات نہیں مانتے انہیں پارٹی میں بھی نہیں رہناچاہیے،پرویز خٹک

جمعہ 9 مئی 2014 06:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔9مئی۔2014ء)وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ کسی بھی فیصلے کیخلاف احتجاج سب کا آئینی واخلاقی حق ہے تاہم جولوگ اپنے قائدکی بات نہیں مانتے انہیں پارٹی میں بھی نہیں رہناچاہیے ۔یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران سابق صوبائی مشیریاسین خلیل کی جانب سے الزامات کاجواب دیتے ہوئے کہی۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ پی ڈی ایم اے میں نوشہرہ سے کسی کو بھرتی نہیں کیا 13 اراکین پرمشتمل فارورڈبلاک کا جو گروپ بنا تھا وہ میرے خلاف نہیں بلکہ چند لوگوں کے خلاف تھا میں کسی کی ذات پر بات نہیں کرتا ۔ انہوں نے کہاکہ جو ایک مرتبہ زیرو ہو چکے ہیں وہ دوبارہ ہیرو نہیں بن سکتے  اس موقع پر صوبائی وزیر شاہ فرمان نے کہا کہ کسی کو بھی فارغ کرتے وقت ناقص کارکردگی کو بنیاد نہیں بنایا گیا بلکہ کارکردگی کا لفظ استعمال کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سب کو طرز حکمرانی تبدیل کرنا ہو گا اور یہ پارٹی کے فیصلے ہیں پارٹی کے اندر بات ہوتی تو اچھا ہوتا ۔ ہم خیال گروپ کے محمود جان نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں ہم سب ایک ہیں ہم خیال گروپ منشور پر عمل درآمد کرنے کیلئے بنایا گیا ہے ہمارا ٹارگٹ کوئی فرد واحد نہیں اور نہ ہی ہم فرد واحد کے خلاف ہیں ۔

متعلقہ عنوان :