نواب شاہ : وقفے وقفے سے زلزلوں کے 3جھٹکے ،لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے باہر نکل آئے،مساجد میں اذانیں دینا شروع کردیں،ہسپتالوں سے مریضوں کو باہر منتقل کردیا گیا ، درجنوں گھروں کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں ،2افراد جاں بحق ، عورتوں اور بچوں سمیت 70سے زائد زخمی ،ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند کردیئے گئے ، امتحانات بھی ملتوی

ہفتہ 10 مئی 2014 07:17

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)نواب شاہ میں وقفے وقفے سے زلزلے کے تین جھٹکوں سے درجنوں گھروں کی دیواریں اور چھتیں گر گئیں ، دو افراد جاں بحق ، درجنوں70سے زائد زخمی ہوگئے ، ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند اور امتحانات ملتوی کر دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح 3بج کر 51منٹ پرنواب شاہ ، پڈعیدن اور دیگر علاقے زلزلے کے تین جھٹکوں سے لرز اٹھے جس سے لوگوں میں شدید خوف وہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں سے باہر نکل آئے۔

زلزلہ پیما سنٹر کے مطابق زلزلے کا پہلا جھٹکا صبح 3 بج کر51 منٹ پر آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر5 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا دوسرا جھٹکا صبح4 بج کر 7 منٹ پر آیا جس کی شدت 4 اعشاریہ 8 تھی۔ 4 بج کر 50منٹ پر زلزلے کا تیسرا جھٹکا آیا جس کی شدت 4 اعشاریہ9 ریکارڈ کی گئی۔

(جاری ہے)

زلزلے کی گہرائی10 کلومیٹر اور مرکز نواب شاہ سے 27کلومیٹر دور شمالی مشرقی اور شمال مغربی علاقہ تھا۔

تین جھٹکوں کے باعث لوگوں نے بلند آواز سے کلمہ طیبہ کا ورد شروع کردیا جبکہ مختلف علاقوں اور مساجد میں اذانیں دینے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ زلزلے کے جھٹکے نواب شاہ سمیت قاضی احمد، جام صاحب، سکرنڈ، دوڑ ، پڈعیدن ،باندھی، سرہاڑی، نواز ڈاہری میں بھی محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث پیپلز میڈیکل کالج اسپتال کے مختلف وارڈوں میں داخل مریضوں کو بلڈنگ سے باہر نکال لیا گیا۔

زلزلے کے جھٹکوں سے نواب شاہ کے علاقے تاج کالونی سمیت درجنوں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گر گئیں جس سے خواتین اور بچوں سمیت 70افراد زخمی ہو گئے ،زخمیوں کو سول ہسپتال نواب شاہ منتقل کر دیا گیا۔انتظامیہ نے ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے۔ زلزلے کے باعث ضلع بھر کے تعلیمی ادارے بند ہیں۔تعلیمی بورڈ حیدرآباد کے تحت گیارہ ویں جماعت کا انگریزی کا پرچہ ملتوی کر دیا گیا ہے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 4 اعشاریہ 6ریکارڈ کی گئی جبکہ گہرائی 15 کلومیٹر اور مرکز دوڑ سے 12 کلومیٹر دور جنوب مشرقی علاقہ تھا۔

متعلقہ عنوان :