پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے شرکاء کیلئے سیکورٹی خصوصی انتظامات کیلئے وزیرداخلہ کی زیرصدارت راولپنڈی اوراسلام آبادانتظامیہ کااہم اجلاس ، تحریک انصاف کے جلسے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے،جلسہ گاہ کے باہرواک تھروگیٹس نصب کرنے کے علاوہ سراغ رساں کتوں اورسی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ بم ڈسپوزل سکواڈکی بھی مددلی جائے گی ، وفاقی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں پرسیکورٹی انتظامات کومعمول کی نسبت کہیں زیادہ سخت کیاجائیگا،دارالحکومت کے حساس ترین علاقہ ریڈزون کواس موقع پرمکمل سیل کیاجائیگا۔رینجرز،ایف سی اورپولیس پرمشتمل ہزاروں اہلکاراس موقع پرسیکورٹی فرائض سرانجام دیں گے، اجلاس میں فیصلے

ہفتہ 10 مئی 2014 07:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے احتجاج کے شرکاء کیلئے سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے حوالے سے وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت راولپنڈی اوراسلام آبادانتظامیہ کااہم اجلاس ،اجلاس میں فیصلہ کیاگیاہے کہ تحریک انصاف کے جلسے کیلئے خصوصی انتظامات کئے جائیں گے اورجلسہ گاہ کے باہرواک تھروگیٹس نصب کرنے کے علاوہ سراغ رساں کتوں اورسی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ بم ڈسپوزل سکواڈکی بھی مددلی جائے گی جبکہ وفاقی دارالحکومت کے داخلی وخارجی راستوں پرسیکورٹی انتظامات کومعمول کی نسبت کہیں زیادہ سخت کیاجائیگااوردارالحکومت کے حساس ترین علاقہ ریڈزون کواس موقع پرمکمل سیل کیاجائیگا۔

رینجرز،ایف سی اورپولیس پرمشتمل ہزاروں اہلکاراس موقع پرسیکورٹی فرائض سرانجام دیں گے ۔

(جاری ہے)

جمعہ کے روزوفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی زیرصدارت وفاقی دارالحکومت اورراولپنڈی کی سیکورٹی کے حوالے سے اہم اجلاس منعقدہوا۔اجلاس میں چیف کمشنراسلام آباد،کمشنرراولپنڈی آئی جی اسلام آباد،ڈپٹی کمشنراسلام آباداوردیگرافسران نے وفاقی وزیرداخلہ کوگیارہ مئی کے تحریک انصاف کے احتجاج اوراس حوالے سے اٹھائے گئے سیکورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی ۔

اجلاس میں سیکورٹی انتظامات ،ٹریفک پلان اورمیڈیاسمیت جلسہ کے شرکاء کیلئے کئے گئے انتظامات سے متعلق بھی وفاقی وزیرداخلہ کوآگاہ کیاگیا۔اس موقع پرچوہدری نثارعلی خان نے ہدایت کی کہ فول پروف سیکورٹی کویقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں اورجلسہ کے شرکاء کوہرقسم کی سیکورٹی دی جائے اوراس کے ساتھ ساتھ دارالحکومت کی اہم شاہراہوں اورعمارتوں کی سیکورٹی پربھی خصوصی توجہ دی جائے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ایسی گاڑیوں کودارالحکومت میں داخل ہونے کی ہرگزاجازت نہ دی جائے جن میں کسی قسم کااسلحہ یانومولودبچوں والی خواتین موجودہوں ۔انہوں نے اسلام آبادانتظامیہ کوہدایات جاری کیں کہ سیکورٹی انتظامات کے لئے منگوائے گئے کنٹینرزکے سلسلے میں کنٹینرزمالکان کومناسب معاوضہ دیاجائے اوران کنٹینرزکوریڈزون کی سیکورٹی کیلئے خصوصی طورپراستعمال کیاجائے۔انہوں نے یہ بھی ہدایات جاری کیں کہ راولپنڈی اوراسلام آبادکے شہریوں کی سہولت کیلئے اشتہارات کے ذریعے انہیں سیکورٹی انتظامات اورٹریفک پلان بارے آگاہی فراہم کی جائے،تاکہ وہ ہرقسم کے مسائل سے محفوظ رہ سکیں جبکہ راولپنڈی اوراسلام آبادانتظامیہ اس موقع پرزیادہ سے زیادہ آپس کی کوآرڈینیشن کوبڑھائیں ۔