کوروناوائرس لبنان پہنچ گیا ، پہلے مریض کی تشخیص،متاثرہ مریض کا علاج جاری، شہریوں کو سخت حفاظتی تدابیر کی ہدایت

ہفتہ 10 مئی 2014 07:11

بیروت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔10مئی۔2014ء )سعودی عرب میں "کورونا" وائرس سے ہونے والی اموات کے بعد اب یہ مہلک مرض لبنان پہنچ گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق لبنانی وزیر صحت وائل ابو فاعور نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیروت کے ایک اسپتال میں پھیپھڑوں میں شدید انفیکشن کے مریض کو لایا گیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹروں نے ابتدائی معائنے کے بعد بتایا کہ مریض "کورونا" وائرس کے باعث متاثر ہوا ہے، تاہم اس کا علاج جاری ہے۔

لبنان میں اس وائرس کا یہ پہلا کیس ہے۔لبنانی وزیر صحت کے دفتر کے مطابق عوام الناس کو "کورونا" وائرس کے خطرات سے متعلق آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ وہ اپنے طور پر اس مہلک وائرس سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں۔ حکومت بھی اس ضمن میں تمام ضروری تدابیر اختیار کر رہی ہے۔