ملائیشین ایئرلائن کا لاپتہ طیارہ، تلاش کے کام کو ایک اور جھٹکا،لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختص کیے گئے علاقے میں اس جہاز کے ملبے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ،آسٹریلوی حکام

ہفتہ 31 مئی 2014 07:16

کینبرا(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔31مئی۔ 2014ء)آسٹریلیا کے حکام نے کہا ہے کہ لاپتہ طیارے کی تلاش کے لیے مختص کیے گئے علاقے میں اس جہاز کے ملبے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ہے۔ غیرملکی خبررساں ا دارے کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مقررہ علاقے میں سمندر کی تہہ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا تاہم اس طیارے کا کہیں کوئی نشان نہ مل سکا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ رواں برس مارچ میں کوالالمپور سے بیجنگ کے لیے پرواز کرنے والا یہ بوئنگ 777 اچانک لاپتہ ہو گیا تھا اور کہا جا رہا تھا کہ اس جہاز میں سوار کسی شخص نے جان بوجھ کر اس کا راستہ تبدیل کیا اور ممکنہ طور پر یہ جہاز کئی ہزار کلومیٹر دور بحر ہند میں گر کر تباہ ہو گیا۔

چینی وزیراعظم لی کیچیانگ نے جمعرات کو ملائشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق سے اپیل کی ہے کہ وہ طیارے کی تلاش کے لیے کوئی نیا پلان وضع کریں۔