14اگست کو ملکی حالات و پاک فوج کی ناقابل فراموش خدمات کے اعزازمیں جشن آزادی کی تقریبات کے دوران خصوصی دومنٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی،پاکستان ریلوے کی طرف سے آئندہ پوراماہ خصوصی آزادی ٹرین چلا ئی جائے گی ،دوسے تین خصوصی ڈبے شہداء کی یاداور فوج کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے تیارکئے جائیں گے،یوم آزادی کے حوالے سے قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں فیصلے ،اجلاس میں یوم آزادی کے سلسلے میں منعقد ہ تقریبات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا، شہداء کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کے علاوہ آئی ڈی پیزسے اظہاریکجہتی کیلئے بھی خاطرخواہ تجاویز پر غور کیا گیا

منگل 22 جولائی 2014 07:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔22جولائی۔2014ء)حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ ملکی حالات اور پاک فوج کی ناقابل فراموش خدمات کے اعزازمیں 14اگست کو جشن آزادی کی تقریبات کے دوران خصوصی طورپردومنٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی،جبکہ پاکستان ریلوے کی طرف سے آئندہ پوراماہ خصوصی آزادی ٹرین چلانے کااعلان بھی کیا گیا ہے ۔اس سلسلے میں وزیراعظم محمدنوازشریف کی ہدایت پریوم آزادی کے حوالے سے بننے والی کابینہ کمیٹی کا پیر کو اہم اجلاس ہواجس میں وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعدرفیق کی سربراہی میں آئندہ ایک ماہ تقریبات یوم آزادی کے سلسلے میں منعقدہونے والی تقریبات کاتفصیلی جائزہ لیاگیا۔

اس میٹنگ میں شہداء کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی انتظامات کرنے کے علاوہ آئی ڈی پیزسے اظہاریکجہتی کیلئے بھی خاطرخواہ تجاویززیرغورآئیں ۔

(جاری ہے)

میٹنگ میں یہ فیصلہ کیاگیاکہ تمام متعلقہ ایم این ایزاورایم پی ایز13اور14اگست کواپنے اپنے حلقہ میں شہداء کے ورثاء سے ان کے گھرپرجاکرتعزیت اوراظہاریکجہتی کریں گے ۔

وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات پرویزرشید،وزیراعظم کے مشیرعرفان صدیقی سمیت اہم حکومتی عہدیداران اوروفاقی سیکرٹریزنے اجلا س میں شرکت کی ۔

اس موقع پرشرکاء کی تمام تجاویزکوسننے کے بعدیہ فیصلہ کیاگیاکہ ملکی حالات اورفوج کی ناقابل فراموش خدمات کے اعزازمیں 14اگست کے دن تقریبات کے دوران خصوصی طورپردومنٹ کی خاموشی اختیارکی جائے گی ۔وفاقی حکومت نے خصوصی خط کے ذریعے چیئرمین سی ڈی اے سمیت تمام وزراء اعلی ،چیف سیکرٹریز،وزیراعظم آزادکشمیر،اور وزیر اعلی گلگت بلتستان کوآگاہ کیاکہ آئندہ ماہ تقریبات یوم آزادی کوبھرپورطریقے سے منانے اورافواج پاکستان کی خدمات باالخصوص آئی ڈی پیزکے ساتھ اظہاریکجہتی کویقینی بنانے کیلئے خصوصی ہدایات جاری کی جائیں ۔

وفاقی وزیرریلوے نے پاکستان ریلوے کی طرف سے آئندہ پوراماہ خصوصی آزادی ٹرین چلانے کااعلان بھی کیا۔وفاقی وزیرنے شرکاء کوبتایاکہ وہ دوسے تین خصوصی ڈبے شہداء کی یاداورپاکستانی افواج کوخراج تحسین پیش کرنے کیلئے تیارکئے جائیں گے ۔اس موقع پرانہوں نے کہاکہ ہم کوشش کریں گے کہ ٹرین پاکستان کے ہرچھوٹے بڑے اسٹیشن سے گزرے تاکہ عوام میں ایک امیداورخوشی کامثبت تاثرجائے اس موقع پرلوگوں کی سیکورٹی کے لئے ایک جامع حکمت عملی بنانے پربھی غورکیاگیاجوکچھ دن میں مکمل کرلی جائے۔