شکرگڑھ کورال سیکٹرپربھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ، رینجرز کی بھی بھرپور جوابی کارروائی ، بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہری کی ہلاک،لاش پاکستان کے سپردکردی

جمعرات 24 جولائی 2014 08:39

سیالکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔24جولائی۔2014ء)سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن غلطی سے عبور کرنے والے شہری کا جسد خاکی پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق سیالکوٹ ورکنگ باونڈری لائن پر شکڑگڑھ سیکٹر کے گاوں ننگل کا شہری افتخار اکیس جولائی کو غلطی سے ورکنگ باونڈری لائن کراس کر گیا تھا جس کو بھارتی سیکیورٹی فورسز نے گرفتار کرنے کی بجائے فائرنگ کرکے ہلاک کر دیا تھا اس کا جسد خاکی گزشتہ رات پاکستان رینجرز کے حوالے کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نارروال کی تحصیل شکرگڑھ میں کورال سیکٹر پر بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کی گئی۔ جس کے جواب میں رینجرز نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی۔رینجرز ذرائع کے مطابق بھارتی فوج نے منگل اور بد ھ کی درمیانی شب شکرگڑھ میں کورال سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی۔ جس سے علاقہ مکینوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ بھارتی فائرنگ کے بعد بعد چناب رینجرز کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کی گئی۔ فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔