آزادی مارچ ،حکمران جماعت کا تحریک انصاف سے رابطہ ، مذاکرات کی پیشکش ، اسحاق ڈار اور شہباز شریف نے عمران خان سے رابطہ کیا، پی ٹی آئی ترجمان کی تصدیق ،شہباز شریف نے ہمارے مطالبات ماننے کی یقین دہانی کرادی ہے ، عمران خان ، کارکنوں پر گولی چلی تو نواز شریف کیخلاف مقدمہ دائر کرینگے ،چوہدری نثار درباری نہیں پارٹی کے دروازے ان کے لئے کھلے ہیں ، نجی ٹی وی سے گفتگو

منگل 29 جولائی 2014 05:58

اسلام آباد، کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) نے آزادی مارچ کے خاتمے کے لیے تحریک انصاف سے رابطہ کرتے ہوئے مذاکرات کی پیشکش کردی ۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف نے رابطہ کیا وہ ہمارے مطالبات ماننے کو تیار ہیں ، کارکنوں پر گولی چلی تو نواز شریف کیخلاف مقدمہ دائر کرینگے ، چوہدری نثار درباری نہیں درباری نہیں پارٹی کے دروازے ان کے لیے کھلے ہیں ۔

نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے عمران خان سے رابطہ کیا ہے تحریک انصاف کے ترجمان نعیم الحق نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رابطوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر خزانہ سے سعودی عرب میں تحریک انصاف کے ایک رہنما نے ملاقات کی ہے جس میں اسحاق ڈار نے عمران خان سے رابطہ کرنے اور مذاکرات کی پیشکش کی جبکہ شہباز شریف ، تحریک انصاف کے ایک رہنما کی عیادت کے لیے گئے تو انہیں کہا کہ وہ مذاکرات کرنا چاہتے ہیں

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا لیگی قیادت اگر ہماری پارٹی قیادت سے رابطہ کرے تو پھر انہیں اپنے مطالبات پیش کرینگے لیکن ابھی تک لیگی قیادت کا براہ راست کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ادھر کوہاٹ سے بنوں جاتے ہوئے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف نے ان کی پارٹی سے رابطہ لیا ہے وہ ہمارے مطالبات ماننے کو تیار ہیں انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 245کا نفاذ سپریم کورٹ میں چیلنج کرینگے ہمیں خون بھی دینا پڑا تو دینگے اور مطالبات کی منظوری تک اسلام آباد میں ہی بیٹھیں گے فوج کو حکومت کا ساتھ نہیں دینا چاہیے اور غیر جانبدار رہنا چاہیے ۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کسی بھی کارکن پر فوج یا پولیس کی جانب سے ایک بھی گولی چلی تو نواز شریف پر قتل کا مقدمہ درج کرینگے

عمران خان نے کہا کہ طاہر القادری کو وہ ساتھ ملاسکتے ہیں ان کے مطالبات سے کوئی اختلاف نہیں ہیں تاہم ان کے انقلاب کے ایجنڈے سے اتفاق نہیں ایک سوال پر کہا کہ چوہدری نثار مسلم لیگ نواز میں واحد شخصیت ہیں جو درباری نہیں ان کے لیے پارٹی کے دروازے کھلے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ آرٹیکل 245 کا نفاد سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔واضح رہے کہ عمران خان متاثرین شمالی وزیرستان کے ساتھ عید منانے کے لئے بنوں جا رہے تھے کہ خراب موسم کے باعث ان کے طیارے کو ہنگامی طور پرکوہاٹ میں لینڈ کرا لیا گیا۔