شوال المکرم 1435ھ کا چاند نظر آگیا ، پاکستان بھر میں عیدالفطر آج مذہبی عقیدت اور جوش جذبے کے ساتھ منائی جائے گی،خوشی کے لمحات میں آئی ڈی پیز اور شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف صف آراء بہادر فوجیوں کو یادرکھا جائے،پوری قوم وطن کی سلامتی کے لئے متحد ہوجائے،صدر وزیراعظم کے عید پیغامات

منگل 29 جولائی 2014 06:06

کراچی،اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء)مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چےئرمین مفتی منیب الرحمن نے اعلان کیا ہے کہ شوال المکرم 1435ھ کے چاند کا اعلان کردیا ہے چاند نظر آنے کے بعد منگل کے روز پاکستان بھر میں عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش جذبے کے ساتھ منائی جائے گی جس کا اعلان چےئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمن نے رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس میں کیا۔

اجلاس میں محکمہ موسمیات اور رویت ہلال کمیٹی کے دیگر اراکین شامل تھے جبکہ محکمہ موسمیات کی جانب سے چاند نظر آنے کی پیشن گوئی کی گئی تھی۔مفتی منیب الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان کے بیشتر حصوں میں موسم ابر آلود تھا کئی مقامات پر بارش تھی اور کئی مقامات پر بادل تھے لیکن اس کے باوجود ملک کے بیشتر مقامات سے شوال کے چاند نظر آنے کی شہادتیں ملی ہیں جن میں نواب شاہ،جیکب آباد،سکھر،خیرپور،عمرکوٹ سمیت دیگر کئی مقامات ایسے تھے جہاں سے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئی تھیں جس پرمرکزی رویت ہلال کمیٹی کے تمام اراکین کی اتفاق رائے سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا ہے کہ شوال امکرم 1435ھ کا چاند نظر آگیا ہے اور یہ فیصلہ تمام شہادتوں اور شرعی اصولوں کے مطابق کیا گیا ہے جس پر مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے تمام اراکین متفق ہیں اس اجلاس میں جن اراکین نے شرکت کی ان میں مفتی محمد قوی،مولانا عبید اللہ،مولانا اخون خانزادہ،مفتی محمد عارف سعیدی،مولانا محمد ظفر سعید،مولانا سید خالد محمود،مولانا قاری محمد حفیظ جالندھری،مولانا عبدلعزیز عشر،قاری افتحار حسین مکلی،مولانا اسد دیوبندی،علامہ قرار حسین نقوی،مولانا محمد ساجد نورانی اور فیروز الدین رحمانی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے جبکہ اس موقع پر چیف میٹرولوجسٹ محمد توصیف بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے قوم کو عید مبارکباد دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ خوشی ان لمحات میں شمالی وزیرستا ن کے آئی ڈی پیز کو بھی یادرکھیں جنوں نے پاکستان کی سلامتی کے تحفظ کیلئے اپنا گھر بار چھوڑ دیا ہے انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں عید الفطر پر قوم کومبارکباد دی ہے‘ صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں شمالی وزیرستان کے بہن بھائیوں کو بھی شریک کرنا چاہیے ۔

عید الفطر کا مقصد لوگوں کے درمیان محبت بڑھانا ہے عوام نادار اور مستحق افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کریں۔ وزیراعظم میاں نواز شریف نے اپنے پیغام میں قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ غریب نادار افراد کو بھی اپنی خوشیوں میں شریک کیا جائے ہیں ۔انہو ں نے آپریشن کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں کو بھی شاندار الفاظ میں خراج عقید ت بھی پیش کیا ۔ دونوں رہنماوں نے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ اس ناز ک مرحلے پر آپسی اختلاف کو ایک طرف چھوڑ کر وطن کی سلامتی کیلئے متحدہوجائیں۔