ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع

منگل 29 جولائی 2014 06:07

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جولائی۔2014ء) میٹروپولٹین پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی ضمانت میں توسیع کر دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق میٹرو پولٹین پولیس نے فون کر کے الطاف حسین کے وکلاء کو آگاہ کیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیس میں الطاف حسین کی ضمانت میں دسمبر تک توسیع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

الطاف حسین نے ضمانت میں توسیع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اندازہ تھا کہ ضمانت میں توسیع کی جائے گی اور یہ پیش رفت برطانوی قانون کے مطابق معمول کا حصہ ہے ۔

انہوں نے کارکنان سے اپیل کی کہ وہ قانونی کارروائی کے دوران صبر کا مظاہرہ کریں۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین پر برطانیہ میں منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت مقدمہ چل رہا ہے جس میں انہیں گرفتار کیا گیا تھا اور چند روز حراست میں رکھنے اور تفصیلی بیان لینے کے بعد ضمانت پر رہا کیا گیا تھا۔برطانوی قانون کے مطابق ضمانت پر ہو نے کی وجہ سے الطاف حسین کو31جولائی کو پولیس کے سامنے انٹرویو کے لئے پیش ہو نا تھا۔