طاہر القادری سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات، سیاسی صورتحال اور انقلاب مارچ پر تبادلہ خیال ،وفد کا سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار افسوس، پاکستانی تاریخ میں اس قسم کے ظلم،جبر و بربریت کی مثال نہیں ملتی، ایم کیو ایم طاہر القادری کی سوچ کی حمایت کرتی ہے،حیدر عباس کی میڈیا سے گفتگو

ہفتہ 2 اگست 2014 09:11

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اگست۔2014ء)پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر محمد طاہر القادری سے متحدہ قومی موومنٹ کے وفد کی ملاقات لاہور ماڈل ٹاؤن میں انکی رہائش گاہ پر ہوئی۔ایم کیو ایم کے وفد کی قیادت مرکزی رہنماء حیدر عباس رضوی کر رہے تھے ۔ جبکہ وفد میں رابطہ کمیٹی کے رکن عبد الحسیب،محمد عامر بلوچ،اقبال قریشی،رانا اشرف ایڈووکیٹ شامل تھے جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی ،راجہ زاہد محمود،قاضی فیض،منصور القادری،افتخار شاہ بخاری اور سہیل احمد رضا بھی موجود تھے ۔

وفد نے سانحہ ماڈل ٹاؤن پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس قسم کے ظلم،جبر و بربریت کی مثال نہیں ملتی۔ دوران ملاقات سیاسی صورتحال اور انقلاب مارچ پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

(جاری ہے)

ملاقات ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حیدر عباس رضوی نے کہا کہ ایم کیو ایم طاہر القادری کی سوچ کی حمایت کرتی ہے ۔

انقلاب مارچ کے حوالے سے بھی بات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج ہر جماعت کا حق ہے۔حکومت کو اس میں قطعاً رکاوٹیں پیدا نہیں کرنا چاہیں ۔انقلاب مارچ یا لانگ مارچ میں شرکت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں یقینا اس پر ہم مشاورت کرینگے۔انہوں نے کراچی میں شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکی ذمہ داری حکومت پر اس لئے عائد ہوتی ہے کہ کیونکہ 90ممالک سے بڑی آبادی والے شہر کی شہری حکومت ہی نہیں بنائی گئی ۔

ایک سوال کے جواب میں صدر پاکستان عوامی تحریک کے صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے کہا کہ انقلاب مارچ کی تاریخ کا ڈاکٹر طاہر القادری بہت جلد اعلان کریں گے۔تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے جاری ہیں اور انقلاب کی حمایت کرنے والی جماعتوں کے قائدین سے مشاور ت کے فوراً بعد انقلاب مارچ کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا جائیگا۔