پاک فوج کا ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر شدید تشویش کااظہار،طاقت کا استعمال مسئلے کو مزید خراب کردے گا ،وقت ضائع کئے بغیر مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جائے، ،فوج جمہوریت کی حمایت کااعادہ کرتی ہے اور قومی امنگوں کوپورا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی،آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ

پیر 1 ستمبر 2014 07:53

راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔1ستمبر۔2014ء) پاک فوج نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرشدیدتشویش کااظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال مسئلے کو مزید خراب کردے گا ،وقت ضائع کئے بغیر مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جائے، مسئلے کے حل کیلئے پرتشدد ذرائع استعمال نہ کئے جائیں،فوج جمہوریت کی حمایت جاری رکھنے کااعادہ کرتی ہے اور قومی امنگوں کوپورا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی۔

آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق اتوارکے روز چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کی زیرصدارت راولپنڈی جنرل ہیڈکوارٹرز میں کورکمانڈر ز کانفرنس منعقد ہوئی جس میں ملک میں موجودہ سیاسی صورتحال کاجائزہ لیاگیا۔

آئی ایس پی آرکے مطابق کورکمانڈر کانفرنس میں جمہوریت کی حمایت کیلئے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پرتشویش کااظہارکیاگیا جو کہ پرتشدد صورت اختیار کرچکی ہے جس میں بڑی تعداد میں لوگ زخمی اور جانوں کا ضیاع ہوا ہے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں کہا گیا کہ طاقت کا استعمال مسئلے کو صرف مزید خراب کرے گا ۔بیان کے مطابق ایک مرتبہ پھر اس موقف کو دوہرایا گیا کہ صورت حال کو وقت ضائع کئے اور پرتشدد ذرائع کے استعمال کے بغیر فوری طورپرسیاسی اندازمیں حل کیا جائے ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج ریاست کی سیکورٹی کیلئے اپنا کردار ادار کرنے کیلئے پرعزم ہے اور قومی امنگوں کو پورا کرنے میں کبھی پیچھے نہیں ہٹے گی ۔

متعلقہ عنوان :