تحریک انصاف نے وزیر اعظم ، وزیر اعلی پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ سمیت چھ حکومتی شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس میں درخواست دے دی

منگل 2 ستمبر 2014 08:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2014ء) تحریک انصاف نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سمیت چھ حکومتی شخصیات کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے لئے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس میں درخواست دے دی ہے۔ درخواست تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور عارف علوی ککی طرف سے تھانہ سیکرٹریٹ میں دی گئی ہے، سیکرٹریٹ پولیس نے درخواست وصول کر کے اس لیگل برانچ سے رائے طلب کر لی ہے۔

پیر کے روز تحریک انصاف کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ پولیس کو ایک درخواست دی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ حکومتی نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے پرامن مظاہرین پر لاٹھی چارج، شیلنگ اور تشدد کیا جس سے چار سے زائد مظاہرین زخمی ہوئے ۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا ہے کہ حکومت کی جانب سے نہتے مظاہرین فائرنگ کی گئی جس سے چار افراد جاں بحق اور چار سو سے زائد زخمی ہوئے۔

درخواست گزار کے مطابق ان کے کارکن پرامن تھے جنہوں نے ایک گملہ تک نہیں توڑا مگر حکومت کی طر ف طاقت کا بے دریغ استعمال کیا گیا۔درخواست میں وزیر اعظم محمد نواز شریف ، وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف، وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان،وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید اور وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق کو نامزد کیاگیا ہے۔سیکرٹریٹ پولیس نے مذکورہ درخواست وصول کر لی ہے اور اس پر مزید کاروائی کے لئے لیگل برانچ سے رائے طلب کر لی ہے۔