عوام نے وزیراعظم کے بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ،نواز حکومت اپنے چودہ ماہ کے دوران غربت میں خاتمے کیلئے بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکی ،پنجاب حکومت کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے،وزیراعظم کو 46 فیصد لوگوں نے بہتر قرار دیا ، 52 فیصد نے ان کی کارکردگی کو برا یا بہت برا قرار دیا،پلڈاٹ کی سروے رپورٹ

بدھ 3 ستمبر 2014 08:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2014ء) عوام نے وزیراعظم نواز شریف کے بجلی کے بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کو ناکافی قرار دیا ہے جبکہ حکومت اپنے چودہ ماہ کے دوران غربت میں خاتمے کیلئے بھی کوئی قابل ذکر کارکردگی نہیں دکھا سکی تاہم پنجاب حکومت کی کارکردگی دیگر صوبائی حکومتوں کے مقابلے میں بہتر رہی ہے۔ یہ بات پاکستان انسٹیٹیوٹ آف لیجسلیٹو ڈویلپمنٹ اینڈ ٹرانسپرنسی (پلڈاٹ) نے منگل کو جاری ہونے والے سروے میں کہی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت نے نظم و نسق کی بہتری کیلئے ایجنڈے اور اقدامات کا اعلان کیا تھا تاہم وہ کوئی بہتری لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔

چاروں صوبوں میں پنجاب کی کارکردگی دوسرے صوبوں کے مقابلے میں بہتر رہی۔ وزیراعلیٰ پنجاب کی کارکردگی کو 65 فیصد نے بہتر جبکہ 32 فیصد نے سروے کے دوران برا یا انتہائی برا قرار دیا۔

(جاری ہے)

خیبرپختونخواہ کے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو 57 فیصد نے برا اور 37 فیصد نے اچھا قرار دیا ۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی کو 33فیصد نے اچھا اور سندھ کے وزیراعلیٰ کی کارکردگی کو 29 فیصد نے اچھا یا بہت اچھا قرار دیا۔

وزیراعظم کو 46 فیصد لوگوں نے بہتر قرار دیا جبکہ 52 فیصد نے ان کی کارکردگی کو برا یا بہت برا قرار دیا۔ عوام نے قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے حکومت کے اقدامات پر اطمینان ظاہر کیا جبکہ غربت کے خاتمے اور توانائی کی پیداوار کے حوالے سے کارکردگی کو برا قرار دیا۔ اس طرح عوام نے بڑے چیلنجوں میں حکومت کے اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت کی اقتصادی پالیسیاں بھی بدلتی رہیں اور غربت کے خاتمے کا ہدف حاصل نہیں ہوسکا۔

سرمایہ کاری کیلئے ایک ساز گار فضاء کے حوالے سے ان کی مقبولیت 9 فیصد اور ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے 15 فیصد کم ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق اس طرح حکومتی اقتصادی اصلاحات اور پالیسیاں کامیاب نہیں رہیں۔ رپورٹ کے مطابق 27 فیصد پاکستانی بجلی کے بحران کو سب سے بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں جبکہ 25 فیصد اس کے بعد مہنگائی کو بڑا مسئلہ سمجھتے ہیں۔ تیسرا بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے اور اس کے بعد عدم تحفظ ‘ امن و امان اور دہشت گردی کو بڑے مسائل سمجھے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق نیب کی درجہ بندی 42 فیصد رہی تاہم 52 فیصد کو اس پر اعتماد نہیں۔ فوج پر 73 فیصد کو اعتماد ہے جبکہ 25 فیصد عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہیں اس طرح فوج کی درجہ بندی میں 48 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ 69 فیصد پاکستانی پولیس پر اعتماد نہیں کرتے صرف تیس فیصد کو اعتماد ہے۔ رپورٹ کے مطابق زرداری کے مقابلے میں 46 فیصد نے نواز شریف کی کارکردگی کو بہتر اور 31 فیصد نے برا قرار دیا مشرف کے مقابلے میں یہ شرح 44فیصد رہی۔

متعلقہ عنوان :