18 کروڑ عوام نے وزیراعظم منتخب کیا ،5ہزار لوگوں کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے سکتا، وزیراعظم ،راستے صاف کرنا مشکل نہیں ، حکومت صبر و برد باری کا مظاہرہ کررہی ہے ،ملک سے تین سال میں بجلی کا بحران ختم کردینگے ،پاکستان کے تمام مسائل کا حل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہے ،تیل و گیس کی دریافت پر بہت خوشی ہوئی اللہ ہمیں اس طرح کی ہزاروں دریافتیں نصیب فرمائے ، او جی ڈی سی ایل کی انتظامیہ مبارکباد کی مستحق ہے ، چینی صدر کا پاکستان آنے کا مقصد توانائی بحران کا خاتمہ تھا مگر افسوس دھرنوں کی وجہ سے نہیں آسکے اور ہمارے ہمسائیہ ملک چلے گئے ، پوری پارلیمنٹ ، قومی قوم اور ملک ایک طرف ہے دو جماعتیں ایک طرف روز ٹی وی پر ایک نیا جھوٹ بولا جاتا ہے یہ افسوسناک باتیں ہیں تھوڑا سا صبر کریں اور پاکستان میں نظام کو چلنے دیا جائے، تیل اور گیس کے کنویں سگری ون کی افتتاحی تقریب سے میاں نواز شریف کا خطاب

جمعرات 18 ستمبر 2014 08:13

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔18ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اٹھارہ کروڑ عوام نے وزیراعظم منتخب کیا ہے ، پانچ ہزار لوگوں کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے سکتا ، حکومت صبر و تحمل اور برد باری کا مظاہرہ کررہی ہے ، راستے صاف کرنا مشکل کام نہیں ملک سے تین سال میں بجلی کا بحران ختم کردینگے ، پاکستان کے تمام مسائل کا حل لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ ہے اٹک میں تیل اور گیس کے کنویں سگری ون کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کی دریافت پر بہت خوشی ہوئی ہے اللہ تعالیٰ ہمیں اس طرح کی ہزاروں دریافتیں نصیب فرمائے یہ دریافت بہت قیمتی ہے نئی دریافت پر او جی ڈی سی ایل اور انتظامیہ مبارکباد کے مستحق ہیں نئی دریافت قابل قدر ہیں ملک میں زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی بحران کو ختم کرنے کیلئے چینی صدر نے کئی معاہدوں پر دستخط کرنے کیلئے پاکستان آنا تھا لیکن ان دھرنے والوں نے ان کا راستہ روک دیا کم از کم ان کی آمد کے وقت تو راستہ خالی کردیتے یہ لوگ پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ہیں چینی صدر کا پاکستان آنے کا مقصد توانائی بحران کا خاتمہ تھا لیکن افسوس ان دھرنے والوں کی وجہ سے وہ ہمارے ہمسائیہ ملک بھارت چلے گئے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سب سے بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ ہے پاکستان میں بجلی ہوتی تو ملک خوشحال ہوتا بچوں کو روزگار ملتا یہاں ہسپتال بنتے ماضی کی حکومتوں نے بجلی بحران کے حوالے سے کوئی کام نہیں کیا پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے سے کہتا ہوں پاکستان کو آگے بڑھنے دو ترقی کی راہ میں رخنہ نہ ڈالو حکومت نے صبر و تحمل اور برد باری کا مظاہرہ کیا ہے ورنہ راستے صاف کرنا مشکل کام نہیں سمجھ نہیں آتی کیسی مخلوق ہے جو کہتی ہے کہ دھاندلی ہوئی دھاندلی کہ کیا ہم ذمہ دار ہیں نگران حکومت ہماری نہیں تھی ہم نے الیکشن نہیں کروایا اتفاق رائے سے چیف الیکشن کمشنر بنایا گیا دھاندلی ہوئی تو دھاندلی کرنے والوں سے پوچھو ۔

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے کامیابی پر مبارکباد دی اور پاکستان کی ترقی کیلئے ساتھ جینے کا وعدہ کیا تھا کیا وہ وعدے اور مبارکبادیں کہاں گئیں ہمارے 2008ء میں ہمارے کاغذات نامزدگی مسترد ہوگئے تھے پیپلز پارٹی کے دور میں ہمارے ساتھ بھی دھاندلی ہوئی تھی لیکن ہم نے دھاندلی کا رونا نہیں رویا ہم نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی خاطر انتخابات کو تسلیم کرتے ہیں سمجھ نہیں آتی کہ کون سے حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ پوری قوم پارلیمنٹ ، آئین ، جمہوریت کے ساتھ ہے ابھی سال بھی نہیں ہوا کہ حکومت کیخلاف لانگ مارچ اور دھرنے شروع ہوگئے ہیں پوری پارلیمنٹ ، قومی قوم اور ملک ایک طرف ہے دو جماعتیں ایک طرف روز ٹی وی پر ایک نیا جھوٹ بولا جاتا ہے یہ افسوسناک باتیں ہیں تھوڑا سا صبر کریں اور پاکستان میں نظام کو چلنے دیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کس نے ان لوگوں کو کہا ک وہ پانچ ہزار لوگوں کو لا کر استعفیٰ مانگیں استعفیٰ کیوں دیں اٹھارہ کروڑ عوام نے وزیراعظم منتخب کیا ہے پانچ ہزار لوگوں کے کہنے پر استعفیٰ نہیں دے سکتے ملک میں ترقی اور خوشحالی کا راستہ روکا جارہا ہے پاکستان کی ترقی میں رکاوٹیں ڈالنے والے اپنا کام کرتے رہیں ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانا چائیں گے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب سے متاثر آئی ڈی پیز اور سیلاب زدگان کی تعداد لاکھوں میں ہے ہمیں اپنے بہن بھائیوں کی مدد کرنی چاہیے اللہ تعالیٰ ہمارے ملک ، ہماری قوم پر رحم کرے اور تمام مشکلات سے نکالے ۔