وفاقی کابینہ کا اجلاس، سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ، متاثرین سیلاب کو عید سے پہلے فی خاندان25ہزار روپے ادا کرنے کی منظوری،وزیراعظم کا بجلی کے اضافی بلوں کی وصولی پر شدید برہمی کا اظہار،ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور صارفین کی تلافی کی ہدایت، بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کیلئے قانون میں ترامیم منظور، بجلی چوری ناقابل ضمانت جرم قرار،اووربلنگ کا ملٹی پل آڈٹ کرانے کا فیصلہ ،بھرتیوں کی نگرانی کابینہ کمیٹی کرے گی تاکہ کسی کو سفارش پر نوکری کی شکایت نہ ہو،پرویز رشید، بجلی چوری اور بدعنوانی میں ملوث محکمے کے لوگوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے،عابد شیر علی، وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید،عابد شیر علی اور ڈاکٹر مصدق ملک کی مشترکہ پریس کانفرنس

منگل 23 ستمبر 2014 04:01

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء)وزیراعظم محمد نوازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس، سرکاری محکموں میں بھرتیوں پر عائد پابندی ختم کرنے کا فیصلہ، متاثرین سیلاب کو عید سے پہلے فی خاندان25ہزار روپے ادا کرنے کی منظوری، وزیراعظم کا بجلی کے اضافی بلوں کی وصولی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی اور صارفین کی تلافی کی ہدایت۔

بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کے لیے قانون میں ترامیم کی بھی منظوری، بجلی چوری ناقابل ضمانت جرم قرار،اووربلنگ کا ملٹی پل آڈٹ کرانے کا فیصلہ ۔کابینہ کے اجلاس کے بعد وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے وزیرمملکت پانی اور بجلی عابد شیر علی اور وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کابینہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

سینیٹر پرویز رشید نے بتایا کہ کابینہ نے سرکاری ملازمتوں پر پابندی کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے۔سرکاری ملازمتوں پر اس لیے پابندی عائد تھی کیونکہ ماضی میں میرٹ کے بغیر ذاتی پسند و ناپسند اور جماعتی بنیادوں پر بھرتیاں کی جاتی تھیں۔سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر میرٹ پر بھرتیاں لوگوں کا بنیادی حق ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ سرکاری ملازمتوں پر تمام بھرتیاں میرٹ پر شفاف طریقے سے سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر صرف قابلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر کی جائیں گی۔

تمام سرکاری محکمے خالی اسامیوں پر بھرتی میں آزاد ہوں گے، بھرتیوں کی نگرانی کابینہ کمیٹی کرے گی تاکہ کسی کو سفارش پر نوکری کی شکایت نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پنجاب میں کامیابی سے یہ تجربہ کیا ہے۔جہاں کی گئی سرکاری بھرتیوں پر بدترین دشمن نے بھی انگلی نہیں اٹھائی۔مسلم لیگ ن کی حکومت میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور اسی اصول پر عمل پیرا رہے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا متاثرین سیلاب کو فی خاندان عید سے پہلے پچیس ہزار روپے ادا کر دیے جائیں گے۔آدھی رقم وفاقی اور آدھی صوبائی حکومت فراہم کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت متاثرین کے گھروں کی تعمیر نو، فصلوں اور مال مویشی کے نقصان کا بھی ازالہ کرے گی ،اس سلسلہ میں نقصان کا سروے کیا جا رہا ہے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ گزشتہ ماہ صارفین کو اضافی بلوں کی شکایت پیدا ہوئی تھی اس بارے ڈاکٹرمصدق نے رپورٹ پیش کی۔

کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر دو سو یونٹ والے صارفین کو گزشتہ سال کے مقابلہ میں زیادہ بل آیا ہے تو ان کاازالہ کیا جائے گا۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ مزدور کی کم ازکم تنخواہ بارہ ہزار روپے منظور کی تھی اس بارے قانون بنایا جائے گا تاکہ ہر ایک کو کم ازکم بارہ ہزار تنخواہ ملے اور خلاف ورزی کرنے والے پر گرفت ہوسکے۔وزیرمملکت پانی اور بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ وزیراعظم نے اوور بلنگ پر برہمی اور نارضگی کا اظہار کیا، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اوپر سے نیچے تک جو لوگ اووربلنگ میں شامل ہیں ان سے کوئی رعایت نہ کی جائے۔

بجلی چوری اور بدعنوانی میں ملوث محکمے کے لوگوں کو کوئی رعایت نہ دی جائے۔ وزیراعظم کے مشیرڈاکٹر مصدق نے کہا کہ وفاقی کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ اوور بلنگ کا ملٹی پل آڈٹ کرایا جائے۔ یہ فرم تین دن میں تعینات کی جائے گی جو اپنی رپورٹ تین ہفتے میں کابینہ کو پیش کرے گی۔