الیکشن کمیشن نے بھی بے ضابطگیوں کا باقاعدہ اعتراف کرلیا

منگل 23 ستمبر 2014 04:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔23ستمبر۔2014ء)ملک میں انتخابی دھاندلیوں کے خلاف دھرنوں اور جلسوں کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی عام انتخابات کے دوران بے ضابطگیوں کا باقاعدہ اعتراف کرلیا اور اِس ضمن میں دسمبر 2013ءمیں تیارکی گئی رپورٹ خاموشی سے جاری کردی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیاگیاکہ سٹیٹ بینک ، ایف بی آر، نادرا اور نیب نے مکمل تعاون نہیں کیاجس کی وجہ سے الیکشن کمیشن کی طرف سے تشکیل دیاگیاسکرونٹی سیل صحیح طریقے کام نہیں کرسکا اور انتخابی امیدواروں کو مناسب جانچ پڑتال کے بغیر کلیئرکردیاگیا۔

رپورٹ کے مطابق چھپائی میں تاخیر سے بعض حلقوں میں بیلٹ پیپرز تاخیر سے پہنچے جس کے باعث پولنگ ٹائم میں ایک گھنٹے کے اضافے سے ابہام پیدا ہوا جبکہ فارم 16میں نقائص کے بعد مذکورہ فارم ریٹرنگ افسر خود بناتے رہے ۔الیکشن کمیشن نے کہاکہ اقوام متحدہ کی مدد سے تیارہ کردہ رزلٹ منیجمنٹ سسٹم بھی ناکام رہا۔یادرہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے کارکنان سمیت انتخابی دھاندلیوں کیخلاف 14اگست سے اسلام آباد کے ڈی چوک میں دھرنادیئے ہوئے ہیں اور اب تک کھولے گئے انتخابی حلقوں میں سے ہزاروں ووٹوں کی تصدیق نہیں ہوسکی ۔