عمران خان نے عیدالاضحی ٰ سے قبل دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کردیا، نماز عید پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پڑھیں گے،قربانی بھی ڈی چوک پر ہوگی، نوازشریف کے ہوتے کوئی کمیشن اپنا کام نہیں کرسکتا، میاں صاحب مستعفی ہونے میں جتنی تاخیر کرینگے اتنا ہی ہمیں فائدہ ہوگا،چیئرمین تحریک انصاف، آج تک پاکستان میں کوئی تحقیقات کمیشن اپنا کام نہ کرسکا، حمود الرحمن کمیشن سے لے کر ایبٹ آباد کمیشن تک آج تک کس نے کارکردگی دکھائی، جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا جارہاہے، نوازشریف زرداری اور سابق صدر موجودہ وزیراعظم کو بچانے کے چکر میں ہیں، لاہور روانگی سے قبل میڈیا کو بریفنگ

پیر 29 ستمبر 2014 08:14

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29ستمبر۔2014ء)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے عیدالاضحی ٰ سے قبل دھرنا ختم نہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈی چوک میں قربانی دینے کا اعلان کردیا، نماز عید بھی پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پڑھیں گے، نوازشریف کے ہوتے ہوئے کوئی کمیشن اپنا کام نہیں کرسکتا،نوازشریف مستعفی ہونے میں جتنی تاخیر کرینگے اتنا ہی ہمیں فائدہ ہوگا، آج تک پاکستان میں کوئی تحقیقات کمیشن اپنا کام نہ کرسکا، حمود الرحمن کمیشن سے لے کر ایبٹ آباد کمیشن تک آج تک کس نے کارکردگی دکھائی، جمہوریت کے نام پر مک مکا کیا جارہاہے، نوازشریف زرداری اور سابق صدر موجودہ وزیراعظم کو بچانے کے چکر میں ہیں۔

اتوار کے روز پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جہانگیر ترین و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ لاہور جلسہ میں روانگی سے قبل بنی گالہ اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے عمران خان نے کہاکہ وہ اس وقت تک دھرنا ختم نہیں کرینگے جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کرلئے جاتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ میاں نوازشریف کے ہوتے ہوئے کوئی کمیشن آزادانہ کام نہیں کرسکتا اس لئے نوازشریف کے استعفے تک ہم یہاں سے نہیں جائینگے۔

انہوں نے ایک اور سوال پر کہاکہ حمود الرحمن سے سانحہ ایبٹ آباد تک کتنے کمیشن بنے مگر آج تک کوئی بھی اپنی کارکردگی پیش نہ کرسکا اس لئے چاہتے ہیں کہ پہلے نوازشریف مستعفی ہوں۔

انہوں نے مزید کہاکہ میاں نوازشریف جتنی تاخیر کرینگے اتنا ہی ہمیں فائدہ ہوگا کیونکہ ہم اپنا پیغام اب ہر گھر تک پہنچا رہے ہیں اسلام آباد کا دھرنا ختم نہیں کرینگے اس کے ساتھ ساتھ دیگر شہروں میں اپنا احتجاج بڑھائینگے۔

انہوں نے کہاکہ میں عوام کے حقوق کی جنگ لڑرہاہوں ۔عام انتخابات میں عوام کا آئینی حق چھینا گیا عوام نے ووٹ کسی کو دیا اور منتخب کوئی اور ہوگیا۔ حکمران لندن اور بیرون ملک ٹیکس دیتے ہیں مگر پاکستان میں ٹیکس چوری کرتے ہیں یہ دوغلی پالیسی ہے ۔ عوام سے جینے کا حق چھین لیاگیاہے بجلی کا اضافی بوجھ بلوں میں عوام پر ڈال دیاگیا جوکہ ظلم ہے۔

انہوں نے ایک اور سوال پر کہاکہ دھرنا عیدالاضحی سے قبل ختم نہیں کرینگے عید قربان یہیں ڈی چوک میں ادا کرینگے اور قربانی بھی یہیں ہوگی دنیا یہ منظر دیکھے گی۔انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے نام پر مک مکا ہورہاہے سپریم کورٹ نے آصف علی زرداری کے خلاف فیصلہ دیا مگر وزیراعظم کے عہدے پر براجمان نوازشریف انہیں بچارہے ہیں جبکہ اب مشکل وقت میں سابق صدر آصف زرداری میاں نوازشریف کو بچانے کیلئے میدان میں آگئے ہیں لیکن ہم بھی اس وقت تک نہیں جائینگے جب تک اپنے مطالبات تسلیم نہیں کرالیتے۔