ہم نے ابھی جلسے نہیں کئے‘ جب جلسے کئے تو لگ پتہ جائے گا‘ نوازشریف،دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے ہم تعمیر و ترقی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے، جنرل اسمبلی میں تقریر میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی کی،موقع ملا تو انتخابی عمل میں خامیوں سمیت تمام خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کرینگے،وزیراعظم کی لندن سے وطن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو

منگل 30 ستمبر 2014 08:39

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔30ستمبر۔2014ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے دھرنے دینے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نے ابھی جلسے نہیں کئے‘ جب جلسے کئے تو لگ پتہ جائے گا‘ دھرنے والے دھرنے دیتے رہیں گے ہم تعمیر و ترقی کا اپنا مشن جاری رکھیں گے‘ جنرل اسمبلی میں تقریر میں پاکستانی اور کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی کی، پوری پارلیمنٹ ایک طرف چند ہزار لوگ دوسری طرف ہیں، موقع ملا تو انتخابی عمل میں خامیوں سمیت تمام خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔

پیر کو لندن سے وطن روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنا کام کررہی ہے دھرنے والوں نے دھرنا دیا ہے وہ دھرنا دیں ہم اپنا کام جاری رکھیں گے۔ دھرنوں کی وجہ سے ملکی معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوئے۔

(جاری ہے)

اسلام اباد میں دھرنے شروع ہوئے تو عدالتوں کے خیالات بھی سب نے دیکھ لئے تھے۔ عدالتوں نے بھی دھرنوں سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

لاہور میں ہونے والے عمران خان کے جلسے پر ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے ابھی جلسے نہیں کئے جب ہم نے جلسے کئے تو پتہ چل جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ کی جماعتوں نے اکٹھے ہوکر ایک پیغام دیا اور جمہوریت کی مضبوطی کیلئے اہم کردار ادا کیا،ملک میں جمہوریت بالغ نظر ہوچکی ہے۔ پوری پارلیمنٹ ایک طرف جبکہ چند ہزار لوگ دوسری طرف ہیں جنہوں نے منفی کھیل کھیلا ہے اس کے بارے میں کچھ نہیں کہنا چاہتا۔

انہوں نے کہا کہ نظام میں خرابیاں ہیں اور وہ خرابیاں ہماری نظر میں ہیں۔ انہیں حل کرنا ہمارے ایجنڈے میں شامل ہے‘ موقع ملا تو انتخابی عمل میں خامیوں سمیت تمام خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں کی جانے والی تقریر پاکستانی اور کشمیری عوام کے جذبات کی عکاسی کرتی ہے۔