وزیر اعظم نااہلی کیس، لارجر بنچ بنانے کی تینوں درخواستیں مسترد

جمعرات 2 اکتوبر 2014 09:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2اکتوبر 2014ء)چیف جسٹس آف پاکستان نے وزیر اعظم نا اہلی کیس کی سماعت کیلئے سات رکنی لارجر بنچ بنانے کی تینوں درخواستیں مسترد کر دی ہیں۔ چودھری شجاعت حسین ، اسحاق خان خاکوانی اور گوہر نواز سندھو کی جانب سے سپریم کورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کی گئیں تھیں جن میں استدعا کی گئی تھی کہ وزیر اعظم نا اہلی کیس کی سماعت کیلئے سات رکنی لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔

(جاری ہے)

درخواست گزاروں نے مؤقف اپنایا تھا کہ معاملہ قومی اہمیت کا ہے جس میں اہم آئینی اور قانونی سوالات اٹھائے گئے ہیں ۔ ان درخواستوں کو تین رکنی بنچ کی بجائے سات رکنی بنچ کو سننا چاہئے۔ درخواست گزار اسحاق خاکوانی کی جانب سے جسٹس جواد ایس خواجہ کو بنچ سے الگ کرنے کی درخواست بھی کی گئی تھی۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے تینوں درخواستیں مسترد کر دی ہیں ۔ اب اس اہم معاملے کی سماعت جسٹس جواد ایس خواجہ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ ہی کرے گا۔