ایم کیوایم نے حکومتی اتحادسے الگ ہونے کاجذباتی فیصلہ کیا،شرجیل انعام میمن،الزامات بے بنیادہیں ،بھرپورقوت کے ساتھ جواب دے سکتے ہیں ،لیکن پارٹی کی مفاہمتی پالیسی کے باعث سب کوساتھ لیکرچلناچاہتے ہیں ،پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ کی کرسی پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کاہارہے ،ہمارے قائدین نے جمہوریت کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا،صوبائی وزیراطلاعات کی پریس کانفرنس

پیر 20 اکتوبر 2014 08:18

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔20اکتوبر۔2014ء)وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیوایم کی جانب سے حکومتی اتحادسے علیحدہ ہونے کے فیصلے پرشدیدردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہاہے کہ ایم کیوایم نے بے بنیادالزامات لگاکرجذباتی فیصلہ کیاہے ،ہم بھی ان تمام الزامات کاجواب بھرپورقوت کے ساتھ دے سکتے ہیں لیکن لیڈرشپ کی جانب سے مفاہمت کے پیغام اورپالیسی نے ہمیں مجبورکیاہے ،ایم کیوایم کی جانب سے حکومتی اتحادسے الگ ہونے کے اعلان کے بعدہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ نے ہمیشہ مفاہمت،امن اوربھائی چارے کی پالیسی کادرس دیاہے ،یہی وجہ ہے کہ صوبائی اسمبلی میں بھرپوراکثریت ہونے کے باوجودہم نے اتحادیوں کوشامل کیاتاکہ صوبے میں قیام امن کی فضاء قائم ہونے کے ساتھ ساتھ ترقیاتی عمل بھی جاری وساری رہے،ایم کیوایم کوحکومت میں شامل کرنے کاہرگزیہ مقصدنہیں تھاکہ حکومت کمزورتھی یاخدانخواستہ حکومت کوبچانے کیلئے ایساکیاگیابلکہ یہ پیغام تھاکہ پیپلزپارٹی مفاہمت کوفروغ دیناچاہتی ہے ،لیکن بدقسمتی سے ہمارے اس پیغام کونہیں سمجھاگیا۔

(جاری ہے)

شرجیل میمن نے کہاکہ ایم کیوایم کی جانب سے جذباتی پریس کانفرنس میں جذباتی فیصلہ کیاگیاامیدہے کہ وہ اپنے اس فیصلے پرنظرثانی کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کی دعوت کوقبول کریں گے ۔ایک سوال پرصوبائی وزیراطلاعات نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی لیڈرشپ کی کرسی پھولوں کی سیج نہیں کانٹوں کاہارہے ،ہماری پوری لیڈرشپ نے عوام، جمہوریت اورعوامی مسائل کے حل کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیااورپارٹی اپنے قائدین کے ویژن ،مشن اورپالیسی پربدستورگامزن ہے ۔