سپریم کورٹ کا او جی ڈی سی ایل کے حصص کامیاب بولی دہندہ کے حوالہ کرنے کا حکم،صوبوں اور وفاق کے درمیان تنازعہ کے معاملے پر مزید بحث تین ہفتوں بعدہوگی،چاروں ایڈووکیٹس جنرل اور چیئرمین نجکاری کمیشن کونوٹس جاری

منگل 21 اکتوبر 2014 04:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21اکتوبر۔2014ء )سپریم کورٹ نے اوجی ڈی سی ایل کی جزوی نجکاری کے حوالے سے پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف دائردفاق کی درخواست پر مختصر فیصلہ جاری کرتے ہوئے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کے شیئرز کامیاب بولی دہندہ کے حوالے کرنے کا حکم دیدیا ہے جبکہ صوبوں اور وفاق کے درمیان تنازعہ کے معاملے پر مزید بحث تین ہفتوں بعدہوگی اس کے لیے چاروں ایڈووکیٹس جنرل اور چیئرمین نجکاری کمیشن کونوٹس جاری کیے جاتے ہیں۔

یہ مختصر فیصلہ چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں جسٹس امیرہانی مسلم اورجسٹس محمداعجازچوہدری پرمشتمل تین رکنی بنچ نے پیر کے روزجاری کیاہے۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل آف پاکستان نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیاکہ صوبے کسی بھی اپنے علاقے سے نکلنے والے قدرتی معدنیات پر رائلٹی کے حقدار ہوتے ہیں اور وہ رائلٹی طلب کرسکتے ہیں تاہم وفاق کے زیر اہتمام اداروں کی نجکاری میں براہ راست مداخلت نہیں کی جاسکتی ،یہ بھی حقیقت ہے کہ وفاق او رصوبوں میں شیئرز کی شرح میں بھی فرق ہے،کہیں وفاق کا حصہ زیادہ ہے توکہیں صوبوں کو زیادہ حصہ کاحقدار ٹھہرایاگیاہے۔

(جاری ہے)

عدالت کے استفسارپر بتایاگیاکہ نئی قانونی ترامیم سے بھی نجکاری کے بنیادی خدوخال پرکوئی خاص فرق نہیں پڑا ہے اس لیے پشاور ہائی کورٹ کاحکم امتناعی خارج کیاجائے عدالت کے اس اقدام سے دنیابھرمیں پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوگااور کمپنیاں بھی نجکاری کے لیے آگے آئیں گی جس سے ملک کوفائدہ ہوگا،اس پر عدالت نے مختصر فیصلہ دیتے ہوئے اوجی ڈی سی ایل کی نجکاری میں کامیاب بولی دینے والی کمپنی کوشیئرز دینے کاحکم دیاہے اور مزید سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی ۔

متعلقہ عنوان :